سری نگر: جنوبی کشمیر میں ضلع کولگام کے ریڈوانی،کھڈونی علاقے میں جمعہ کی صبح جنگجوﺅں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ گولیوں کا یہ تبادلہ فورسز کے جنگجو مخالف آپریشن کے دوران پیش آیا جو پولیس کے مطابق جاری ہے۔
پولیس نے ٹویٹر پر کہا”کولگام کے ریڈونی علاقے میں معرکہ آرائی کا آغاز ہوا ہے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز کام پر ہیں۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے“۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے ریڈونی میں جنگجوﺅں کی موجودگی کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد محاصرہ کیا اور تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
گذشتہ دو دنوں میں ضلع میں یہ دوسرا معرکہ ہے۔ جمعرات کے روز ضلع کے زڈورہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو جنگجوجاں بحق ہوگئے۔