سری نگر//پولیس نے پیر کو بتایا کہ جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں گذشتہ رات سلامتی دستوں اور جنگجوﺅں کے مابین شروع ہوئے تصادم کے دوران 2جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
پولیس نے جاں بحق ایک جنگجو کی شناخت اشفاق ڈار عرف ابو اکرم کے طور کرتے ہوئے کہا کہ اشفاق2017سے سرگرم تھا اور وہ لشکر کا کمانڈر تھا۔آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اشفاق کو جاں بحق کئے جانے پر فورسز کو’ مبارکباد ‘دی۔
اس سے قبل گذشتہ رات دیر گئے جنگجوﺅں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کے بعد فوج، سنٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کی خصوصی مہم کے تحت ضلع کے چک صدیق خان علاقہ میں مشترکہ طورپر محاصرہ کیا گیا اور تلاشی مہم شروع کی گئی۔
سلامتی دستوں کے اہلکار ایک مخصوص جگہ پر پہنچے تووہاں چھپے جنگجوﺅں نے ان پر فائرنگ کی۔
فائرنگ کا جواب دیتے ہی وہاں باضابطہ معرکہ آرائی شروع ہوگئی جو رات دو بجے تک جاری رہی۔
پولیس نے معرکہ آرائی کے دوران پہلے ایک اور بعد میں دوسرے جنگجو کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔