سری نگر// پولیس نے منگل کودعویٰ کیا کہ انہوں نے جنوبی ضلع اننت ناگ میں 14 نوجوانوں کو جنگجوﺅں کی صف میں شامل ہونے سے باز رکھا۔
ایک پولیس بیان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ 18-22 سال کی عمر کے 14 لڑکے سوشل میڈیا پر مختلف مقامی جنگجوﺅںسے مستقل رابطے میں تھے اور انہیں پاکستان میں مقیم افراد کی طرف سے بھی جنگجو گروہوں میں بھرتی کیلئے لالچ دیا جارہا تھا۔
بیان کے مطابق پولیس نے مذکورہ نوجوانوں کے ساتھ کونسلنگ کا سیشن منعقد کیا تاکہ انہیں ’ملک دشمن پروپیگنڈہ‘کا شکار ہونے سے روکا جاسکے۔
بیان کے مطابق کونسلنگ کے دوران ایس ایس پی اننت ناگ امتیاز حسین نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کا خاص خیال رکھیں اور ان کی سرگرمیوں ، اقدامات اور طرز عمل پر نگاہ رکھیں۔
بیان میں مزہد کہا گیا کہ اننت ناگ پولیس نے والدین کی موجودگی میں ان لڑکوں کی مناسب طور پر کونسلنگ کی اور بعد میں انہیں والدین کے حوالے کردیا۔
پولیس کے مطابق ، اننت ناگ ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ان نوجوانوں کے ساتھ پولیس افسران کی جانب سے گذشتہ کئی دنوں سے کونسلنگ کے کئی سیشن منعقد کیے ۔