نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مویدی نے ہندوستانی خلائی تحقیق ادارہ (اسرو) کے ذریعہ آج ساوتھ ایشیا سیٹلائٹ کو داغے جانے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ان ملکویں کے ساتھ تعلقات کا نیا باب شروع ہوگا۔ مسٹر مودی نے ٹوئٹ کیا کہ اس سے جنوبی ایشیا اور ہمارے خطے کو کافی فائدہ ہوگا۔ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے اور اس نے ملکوں کے ساتھ روابط کے نئے افق کھول دئے ہیں۔“ انہوں نے اس کامیابی کے لئے سائنس دانوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ ہمیں اسرو پر فخر ہے۔ساوتھ ایشیاسیٹلائٹ کولانچ کئے جانے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ، افغانستان کے صدر اشرف غنی، بھوٹان کے وزیر اعظم زیرنگ ٹوگبے، مالدیپ کے صدر عبداللہ یمین، نیپال کے وزیر اعظم پرچنڈ، سری لنکا کے صدر میتھری پالا سریسیناکے ساتھ بات چیت کی ، جسے قومی ٹیلی ویزن پر نشر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم جنوبی ایشیائی ملکوں کا مشترکہ خاندان ہیں جو امن کی تلاش، ترقی او رعلاقائی اور پوری انسانیت کی خوشحالی کے لئے متحد ہے۔