یو این آئی
جوہانسبرگ// جنوبی افریقہ کے کوازولو-نٹال صوبے کے جنگل میں زبردست آگ لگنے سے سات افراد کی موت ہو گئی اور 196 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ صوبائی حکومت نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔کوآپریٹو گورننس اور روایتی امور کے صوبائی محکمہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک ہفتہ قبل بھڑکی جنگل کی آگ نے کل 751 افراد کو متاثر کیا ہے اور کنگ سیتویو، الیمبے، اتھوکیلا اور زولولینڈ سمیت اضلاع میں کھیتوں اور گھروں کو نقصان پہنچایا۔محکمہ نے کہا کہ آگ کی وجہ سے 14000 ہیکٹر سے زیادہ چراگاہیں تباہ ہوگئیں اور 1600 جانور ہلاک ہوئے۔پراونشل کونسل آف ٹرانسپورٹ اینڈ ہیومن سیٹلمنٹس کے ایک اہلکار سیبونیسو ڈوما نے کہا کہ جنگل کی آگ بڑھنے کے ساتھ ہی تباہ شدہ مکانات کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی متاثرہ خاندانوں کو تلاش کرنے کا کام کر رہے ہیں۔