جوہانسبرگ/جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 107 رنز سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی ہے۔381 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 273 پر سمٹ گئی۔پاکستان کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی محمد عباس تھے جو نو رنز پر رن آؤٹ ہوئے۔مہمان ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں اسد شفیق 65 اور شاداب خان 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔میزبان ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں اولیویئر اور ربادا نے تین، تین، جبکہ سٹین نے دو اور فلینڈر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کو مین آف دی میچ جبکہ اولیویئر کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے میچ کے چوتھے دن پیر کو پاکستان نے 153 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے آغاز میں ہی نقصان اٹھانا پڑا۔بابر اعظم سکور میں نو رنز کے اضافے کے بعد اولیویئر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہو گئے۔ ان کی جگہ آنے والے کپتان سرفراز احمد پہلی ہی گیند پر بولڈ ہوئے تو پاکستانی ٹیم شدید دباؤ میں آ گئی۔پاکستان کی چھٹی وکٹ 179 کے سکور پر اس وقت گری جب فیلنڈر نے نصف سنچری بنانے والے اسد شفیق کو سلپ میں کیچ کروا دیا۔پاکستان کی ساتویں وکٹ 204 رنز کے سکور پر اس وقت گری جب ربادا نے فہیم اشرف کو مکارم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا دیا۔ انھوں نے 15 رنز بنائے۔آؤٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی تھے انھیں بھی ربادا کی گیند پر مکارم نے ہی کیچ کیا۔پاکستان کے آؤٹ ہونے والے نویں کھلاڑی حسن علی تھے جن کا ربادا نے اپنی ہی گیند پر کیچ لیا۔پاکستانی اوپنرز نے دوسری اننگز میں اپنی ٹیم کو بغیر کسی نقصان کے 67 رن کا سٹینڈ دیا تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑی اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 303 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس نے پاکستان کو جیت کے لیے 381 رنز کا ہدف دیا تھا۔خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 2-0 سے ناقابل شکست برتری حاصل ہے اور اب اس کی نظریں سیریز میں کلین سویپ کرنے پر ہیں۔سینچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی جبکہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی تھی۔ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔