رمیش کیسر
نوشہرہ//شری گیتا جینتی کے موقع پر جناردن سیوا ٹرسٹ نوشہرہ کی طرف سے ایک اہم سماجی اور مذہبی پروگرام منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام گیتا کالونی مندر، بگنوٹی میں منعقد ہوا، جہاں نوشہرہ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے پانچ ضرورت مند خاندانوں کو ان کی بیٹیوں کی شادی کے لئے مالی معاونت دی گئی ۔اس سلسلہ میں چیک سوامی جی مہاراج کے ہاتھوں سے تقسیم کئے گئے۔یہ اقدام ٹرسٹ کی طرف سے سماجی بہبود اور ضرورت مندوں کی مدد کے عزم کا اظہار ہے۔پروگرام میں بھارتی جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر رویندر رینہ ٹرسٹ کے چیئرمین اور سابق اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر وجے شرما، اور بڑی تعداد میں دیگر معززین اور مقامی لوگ موجود تھے۔سوامی مہاراج نے اپنے خطاب میں شری گیتا جینتی کے روحانی اور سماجی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ گیتا کا پیغام نہ صرف روحانیت بلکہ انسانیت اور سماجی خدمت کا بھی درس دیتا ہے۔ ٹرسٹ کی جانب سے اس موقع پر مستحق خاندانوں کی مدد کا قدم گیتا کی تعلیمات کے عملی اطلاق کی بہترین مثال ہے۔رویندر رینہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹرسٹ کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ خدمت سماج کے پسماندہ طبقات کے لئے امید کی کرن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات سماجی یکجہتی اور انسانیت کے فروغ کے لئے ضروری ہیں۔