سرینگر/عظمیٰ نیوز سروس/سی پی آئی (ایم)کے رہنما اور ایم ایل اے کولگام محمد یوسف تاریگامی نے پیر کو کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ کا جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرکو قانون ساز اسمبلی کے لیے پانچ اراکین نامزد کرنے کا اختیار دینے کا جواز خطے میں انتخابی جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے کی واضح کوشش ہے۔تاریگامی نے کہا’’یہ اقدام جمہوری اصولوں کو ختم کرنے کا ایک اور قدم ہے۔ ایل جی خود حکومت کے ایک غیر منتخب امیدوار ہیں اور انہیں اسمبلی میں ممبران کی نامزدگی کا اختیار دینا جمہوریت کی روح کے خلاف ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ حد بندی کے دوران کسی بھی قائم کردہ اصول پر عمل نہیں کیا گیا۔ کشمیر کی آبادی زیادہ ہونے کے باوجود صرف ایک اضافی نشست دی گئی جبکہ دوسرے خطے کو چھ نشستیں ملیں۔