ضلع انتظامیہ رام بن کے ساتھ بھی میٹنگ ،مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا
محمد تسکین
بانہال// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اتوار کے روز جموں۔سرینگر قومی شاہراہ کے راستے ضلع رامبن کے چندرکوٹ (ضلع رام بن) پہنچے، جہاں انہوں نے جموں روانگی کے دوران پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ریسٹ ہاؤس میں مختصر قیام کیا۔دونوں رہنماؤں نے ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان کی قیادت میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ ایک مختصر میٹنگ کی، جس میں مختلف مقامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں انہوں نے اپنے قافلے کے ہمراہ پیڑاہ کا رخ کیا جہاں کھجوریہ ویشنو ڈھابہ پیڑاہ پر روایتی راجماش چاول اور انار دانہ چٹنی کے ساتھ اتوار کی دوپہر کا کھانا کھایا ۔اس موقع پر راجیہ سبھا رکن سجاد احمد کچلو ، نیشنل کانفرنس لیڈر اور ڈی ڈی سی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد شان اور رام بن ضلع کے کئی مقامی لیڈر بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے قافلے کی نقل و حرکت کے پیش نظر ضلع رام بن سے گزرنے والی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا تھا ۔