بانہال // بارشوں کے نتیجے میں پسیاں گرآنے کی وجہ سے جمعرات سے بند پڑی جموں ۔سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدرفت یکطرفہ طور بحال کی گئی ہےتاہم امرناتھ یاترا سمیت کسی بھی قسم کے ٹریفک کو جموں سے نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ٹریفک زرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ جمعرات کو دن رات جاری رہنے والی بارشوں کے نتیجے میں شاہراہ پر بلی نالی ، ادہمپور ، ناشری ٹول پلازہ ،ماروگ ، ڈگڈول اور پنتھیال سمیت شاہراہ کے کئی مقامات بھاری پتھروں اور پسیوں کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدرفت جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سے بند ہوگئی اور ٹریفک کو جموں ، ادہمپور ، قاضی گنڈ اور رام بن سے اگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ صبح ہوتے ہی فورلین شاہراہ سے وابستہ تعمیراتی کمپنیوں کی مشینری پسیوں اور پتھروں کو صاف کرنے میں لگادی گئی اور پہلے ادہمپور اور ناشری ٹنل کے نزدیک گر ائی پسیوں کو صاف کرنے کے بعد بانہال رام بن سیکٹر میں پسیوں کو شاہراہ سے صاف کیا گیا اور ٹریفک کی نقل وحرکت وادی کشمیر سے جموں کی طرف جمعہ کی دوپہر بعد دو بجے بحال کر دی گئی۔ ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے سنجے بھگت نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ شاہراہ کو بحال کرنے کے بعد وادی کشمیر سے جموں کی طرف یکطرفہ طور ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی اور اس دوران جموں سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک میں جموں سے امرناتھ یاترا پر مشتمل گاڑیوں کے قافلے سمیت دیگر گاڑیوں کو بھی وادی کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔