عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں پولیس نے منگل کو کہا کہ انہوں نے2 فرضی پولیس افسران کو گرفتار کیا ،جو پولیس انسپکٹر اور ایک انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس)افسر کا روپ دھار رہے تھے۔پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو جموں کے جیول علاقے میں ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)جموں، چندن کوہلی نے کہا کہ ایک شخص نے پی ایس نوآباد میں شکایت درج کروائی ، جس میں کہا گیا تھا کہ دو افراد جو کہ آئی پی ایس افسر اور انسپکٹر کا روپ دھار رہے تھے، انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔
متاثرہ نے اپنی شکایت میں کہا تھا کہ اس کی ملاقات قیصر جیلانی نامی ایک شخص سے ہوئی جس نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر خود کو آئی پی ایس افسر ظاہر کیا اور اس شخص سے اس کی دوستی ہوگئی اور آخر کار اس کی ملاقات مچھلی مارکیٹ کے قریب واقع ہوٹل گرین منٹ گمٹ میں ہوئی۔”کمرے میں داخل ہونے پر، اس نے قیصر جیلانی اور ایک اور شخص کو پولیس کی وردی میں ستاروں کے ساتھ دیکھا جس نے خود کو انسپکٹر کے طور پر پیش کیا۔ دونوں نے اسے اپنا لیپ ٹاپ دینے کی دھمکی دی اور ہراساںکیا۔ شکایت کنندہ کو دونوں کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی گئی۔اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 166/2023 کے تحت سیکشن 419/420/384/170/171 آئی پی سی کے تحت پی ایس نو آباد میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی اور دونوں کو حراست میں لیا گیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت قیصر شاہنواز میر ساکن ڈینجر پورہ بارہمولہ اور محمد تنویر عرف عارف وانی ساکن سوپور بارہمولہ کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔