عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں شہر کے مضافات میں سدھرا نروال شاہراہ کے نزدیک ایک ٹفن باکس میں نصب ٹائمر دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) برآمد کیا گیا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ سنیچر کی شام تقریباً 5بج کر 30 منٹ پر پولیس کو علاقے میں ایک مشکوک شئے کے بارے میں اطلاع ملی جو شاہراہ کے سدھرا-نروال حصے پر پولیس چیک پوائنٹ کے قریب پڑی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جموں ڈاگ سکواڈ کے ساتھ موقع پر پہنچی۔ پولیس ترجمان نے کہا، “مشتبہ مواد کی تلاش پر، علاقے میں ایک ٹفن باکس میں نصب 2 کلو وزنی ٹائمر آئی ای ڈی پایا گیا”۔ انہوں نے مزید کہا ، “آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے اور متعلقہ تھانے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔