جموں کے سرمائی زون تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے اعلان میں تاخیر طلباء اور والدین پریشان، جلداز جلد سرمائی تعطیلات کے اعلان کا مطالبہ

محمد تسکین

بانہال// صوبہ جموں کے سرمائی زون میں پڑنے والے سرکاری اور غیر سرکاری سکولوں میں ابھی تک سرمائی تعطیلات کا اعلان نہیں کیا گیا ہے جبکہ وادی کشمیر کے سکولوں میں آٹھویں جماعت تک کے بچوں کیلئے 28 نومبر سے سرمائی تعطیلات کا اعلان پہلے ہی کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز صوبہ جموں کے ڈوڈہ ، بھدرواہ ، کشتواڑ ، رام بن اور بانہال کے پہاڑی علاقوں میں اس موسم کی تیسری برفباری ہوئی ہے اور سردی کی شدت میں بھی اضافہ بھی ہوا ہے لیکن ڈائریکٹوریٹ اف سکول ایجوکیشن جموں کے عہدیداران ہیں کہ اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دے رہے ہیں جس کی وجہ سے والدین میں محکمہ تعلیم کے خلاف غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ ضلع رام بن کے بیشتر پہاڑوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے بعد سرد ہوائیں چلنا شروع ہوئی ہیں جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور ایسے میں چھوٹے چھوٹے بچوں کو صبح کی ٹھٹھرتی سردی میں سکول روانہ کرنا والدین کیلئے تکلیف دہ ہوگیا ہے اور انہیں گوارہ نہیں ہے کہ بچوں کو سردی کی شدت میں سکول بھیجا جائے۔

 

وادی کشمیر کے سکولوں میں سرمائی چھٹیوں کے بعد صوبہ جموں کے سرمائی زون کے والدین اور بچوں میں امید جاگی تھی کہ سرمائی زون صوبہ جموں کے سکولوں میں بھی سردیوں کی چھٹیوں کا اعلان کیا جائے گا لیکن جموں کے دفاتر میں براجمان محکمہ تعلیم کے حکام زمینی صورتحال سے بے خبر ہیں اور اس اہم معاملے کی طرف عدم توجہی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ صوبہ جموں کے سرمائی زون میں پڑنے والے سکولوں میں زیر تعلیم بچے اور ان کے والدین ایک زبان ہو کر فوری طور پر کم از کم بارھویں جماعت تک سرمائی چھٹیوں کی مانگ کر رہے ہیں کیونکہ یہاں کے سکولوں میں گرمی کیلئے کسی بھی قسم کے انتظامات نہیں ہیں۔امتیاز احمد میر سمیت کئی والدین نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی کشمیر اور صوبہ جموں کے سرمائی زون میں پڑنے والے وادی چناب اور خطہ پیر پنجال کے ضلع رام بن ، ڈوڈہ ، کشتواڑ ، پونچھ اور راجوری کے پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے جبکہ مہو منگت، مڑواہ واڑوان گول ،گلاب گڑھ ، مہور اور پونچھ راجوری کے بہت ساری بستیوں میں بھی گزشتہ جمعرات کو تازہ برفباری بھی ہوئی ہے اور درجہ حرارت منفی میں چلا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک جموں میں سرمائی چھٹیوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے جبکہ کشمیر میں سرمائی تعطیلات کا اعلان پہلے ہی کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبہ کشمیر کے سرمائی زون کے سکولوں کے مطابق سرمائی زون صوبہ جموں میں بھی امتحانات اور ایڈمیشن کا ایک ہی وقت ہوتا ہے تو ایسے میں سرمائی تعطیلات میں یہ سرد مہری محکمہ تعلیم کے دوہرے معیار کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے بارہویں جماعت یک کے سکولوں میں فوری طور پر سرمائی تعطیلات کا مطالبہ کیا ہے۔