سرینگر // نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر وممبر اسمبلی کنگن میاں الطاف احمد نے وادی کی موجودہ صورتحا ل خاصکر جموں کے کچھ حصوں میں پیداشدہ صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں پر سیکولر تانے بانے اور منافرت کو بھڑکانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔میاں الطاف نے اپنے ایک بیان میں جموں کے سانبہ اور کٹھوعہ کے کچھ علاقوں میں پیدا شدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کچھ لوگ مفاد پرستی کیلئے منافرت کو بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے ریاستی سرکار خاص طور پر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اقدامات کرکے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریاست میں سماجی ہم آہنگی برقرار رکھی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششیں اس حوالے سے کافی نہیں ہیں اور اس وجہ سے حالات کنڑول سے باہر ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت مناسب طریقے سے کام نہیں کر رہی ہے اور نہ ہی سماجی ہم اہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے کوئی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔میاں الطاف نے کہا کہ ریاستی سرکار عام لوگوں اور ان کی جائداد کی حفاظت کرنے میں ناکام ہے اور لوگ اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں ۔