سرینگر// پولیس نے اقلیتی کوٹا کے تحت وظیفہ کی حصولیابی کیلئے کولگام کے طلاب کے نام پرنقلی طلاب کو دکھانے اور وزارت اقلیتی امور سے ایک کروڑ34لاکھ روپے حاصل کرنے کی پاداش میں مغربی بنگال کے ایک شہری کو مالدہ میں گرفتار کیا۔پولیس کرائم برانچ کشمیر کی ایک ٹیم ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی سربراہی میں مغربی بنگال روانہ ہوگئی اور ملزم سلیم شیخ ولد غیاث الدین میاں ساکن تنسا تبگی بیرآباد ، مالدہ ، مغربی بنگال کو گرفتار کیا۔ اس سلسلے میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 04/2020 زیر دفعات 420, 468, 120-B-آر پی سی, 66 (D) IT قانون 5(2)پی سی ایکٹ کرائم برانچ کشمیر درج کیا گیا تھا۔ سلیم شیخ نے دیگر ملزمان کے ساتھ مجرمانہ سازش کرکے ضلع کولگام میںجموں و کشمیر کے طلباء کے لئے اقلیتی کوٹا کے تحت میرٹ اسکالرشپ کے لئے سال2018-19قومی اسکالرشپ پورٹل پر جعلی درخواست فارم اپ لوڈ کیے۔ اس کے بعد ، ان اداروں سے جعلی تصدیقیں کروائی گئیں جو درخواست فارموں میں مذکور ہ ریاستوں میں موجود نہیں تھیں۔ ملزم نے دیگر ملزمان کے ساتھ ملی بھگت سے جعلی فائدہ اٹھانے والوں کو ضلع کولگام کا رہائشی دکھایا ہے اور ضلعی سماجی بہبود کے افسر کولگام کے ذریعہ دھوکہ دہی سے اس کی تصدیق ہوگئی ہے اور ایک کروڑ34لاکھ کی رقم وزارت اقلیتی امور سے ضلع مالدہ ، مغربی بنگال کے 463جعلی مستحقین کے بینک کھاتوں ، اسٹیٹ بینک آف انڈیا ، بینک آف بڑوڈا ، یونائیٹڈ بینک آف انڈیا (اب پی این بی) ، الہ آباد بینک ، آئی ڈی ایف سی بینک اور بنگیا وکاس گرامن بینک کے مختلف شاخوں میں منتقل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کے لئے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔