سرینگر// جموں و کشمیر انتظامیہ نے جموں و کشمیر کی مقامی خواتین کے غیر مقامی شوہروں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل کشمیر کی خواتین، جن کی شادی خطہ سے باہر ہوئی تھی، کے شوہر ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے لئے نااہل تھے۔
اس سلسلے میں سرکاری طور پر باضابطہ ایک آرڈر جاری کیا گیا ہے جس وک کافی اہمیت کا حامل تصور کیا جاتا ہے۔
اس حکم کے تحت جموں و کشمیر سول سروسز (ڈی سنٹرالائزیشن اور ریکروٹمنٹ) ایکٹ کے تحت جموں و کشمیر میں ہر سطح پر ملازمتوں کے لئے ڈومیسائل شرائط کے اطلاق میں ترمیم کی گئی ہے۔دستاویزات جمع کروانے کے بعد سرٹیفکیٹ حاصل کی جا سکتی ہے۔ ڈومیسائل دینے کا اختیار تحصیلدار کو دیا گیا ہے۔ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے اہلیہ کی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ اور میریج سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہو گی۔قواعد کے مطابق جموں و کشمیر میں کم از کم 15 سال تک مقیم فرد کو مرکزی خطے کا رہائشی سمجھا جاسکتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ ریلیف اور بحالی کمشنر (مائگرنٹس) نے جموں و کشمیر یو ٹی میں رجسٹرڈ تارکین وطن کو بھی ڈومیسائل سند حاصل کرنے کا اہل بنایا ہے۔