عظمیٰ نیوز سروس
راجکوٹ(گجرات) // وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کوراجکوٹ سے ورچوئل موڈ کے ذریعے جموں کشمیر میں صحت کی دیکھ بھال کیلئے 350.25کروڑ روپے کے13کریٹیکل کیئر بلاکوںکا سنگ بنیاد رکھا اور2.63کروڑ روپے کی 6موبائل فوڈ سیفٹی لیبارٹریوںکو وقف کیا۔وزیراعظم نے وزیراعظم آیوشمان بھارت ہیلتھ انفراسٹریکچر مشن کے تحت 207.75کروڑ روپے کے جن پروجیکٹوںکا سنگ بنیاد رکھا ،ان میں جی ایم سی جموں اور ڈسٹرکٹ ہسپتال بڈگام کیلئے 100 بستروں والے کریٹیکل کیئر بلاک یونٹس اور ضلع ہسپتال کولگام، جی ایم سی بارہمولہ، جی ایم سی راجوری، جی ایم سی کٹھوعہ، سکمز بمنہ میں 50بستروں والے کریٹیکل کیئر بلاک یونٹس شامل ہیں۔اسی طرح کووڈ ایمر جنسی رسپانس اینڈ ہیلتھ سسٹم پریپیڈنس پیکیج مرحلہ دوم کے تحت142.5کروڑ روپے کی لاگت سے ضلع ہسپتال پلوامہ، پی ایچ سی سونمرگ گاندربل،ضلع ہسپتال پونچھ ،ضلع ہسپتال ریاسی ،ضلع ہسپتال شوپیاں اورضلع ہسپتال کپوارہ میں50بستروں والے کریٹیکل کیئر بلاک یونٹس کا سنگ بنیاد رکھاگیا۔اس کے علاوہ مودی نے کشمیر اور جموں صوبوں کیلئے تین تین موبائل فوڈ سیفٹی لیبارٹریوں کو وقف کیا۔ کریٹیکل کیئر یونٹ ایمرجنسی، سرجیکل اور انتہائی نگہداشت کی خدمات فراہم کریں گے۔ اس سے نہ صرف ٹریشری نگہداشت کی سہولیات پر بوجھ کم ہوگا بلکہ مریضوں کے اخراجات میں بھی نمایاں طور پرکمی آئے گی۔پی ایم آیوشمان بھارت ہیلتھ انفراسٹرکچر مشن کے تحت، حکومت ہند 100اور 50بستروں پر مشتمل کریٹیکل کیئر ہسپتال کے بلاک/ونگوں کی مدد کرے گی جو خود ساختہ ہوں گے، اور اہم، معاون اور ذیلی خدمات جیسے ایمرجنسی ایریا، آئی سی یو آئسولیشن وارڈز/آکسیجن سپورٹڈ بیڈز، سرجیکل یونٹ، دو لیبر، ڈیلیوری، ریکوری رومز (LDRs) ایک نوزائیدہ کیئر کارنر کے ساتھ انتہائی نگہداشت کے یونٹس سے لیس ہوں گے۔ ان بلاکس کیساتھ میڈیکل گیس پائپ لائن سسٹم، آکسیجن جنریشن پلانٹس/آکسیجن سپلائی، ایئر ہینڈلنگ یونٹس وغیرہ اور انفیکشن سے بچائوکے کنٹرول کے طریقہ کار سے بھی تعاون کیا جائے گا۔اس پروگرام میں محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کی طرف سے ضلعی سطح پر منعقدہ تقریب میں اراکین پارلیمنٹ، ڈی ڈی سی چیئرپرسنز اور دیگرمہمانوںنے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کشمیرمیں صحت کی دیکھ بھال اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ٹویٹ کیاــ”وزیر اعظم نریندر مودی نے ورچیول طورپر جموں و کشمیر کے ضلع ہسپتالوں میں 13 کریٹیکل کیئر بلاکس کا سنگ بنیاد رکھا اور جموں و کشمیر ڈویژن میں 6 موبائل فوڈ سیفٹی لیبز، 3 ہر ایک کو وقف کیا۔ یہ یوٹی کے صحت کے شعبے کے لیے ایک اہم موقع ہےــ”۔ـ