جموں کشمیر ایڈونچر کھیلوں کا محور بننے کے قریب

نیوز ڈیسک
سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جواہر انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹینیرنگ اینڈ ونٹر اسپورٹس پہلگام کی 9 ویں ایگزیکٹو کونسل اور چوتھی جنرل باڈی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جواہر انسٹی ٹیوٹ کو 39 سال مکمل کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں ۔ 1983 میں اپنے قیام کے بعد سے اس ادارے نے ایڈونچر اسپورٹس کے میدان میں اپنے لئے جگہ بنانے کیلئے بہت سی مشکلات اور چیلنجوں پر قابو پایا ہے ۔ یہ ملک کا پہلا ادارہ بھی بن گیا ہے جس نے ملک بھر سے آنے والے مقامی اور ایڈونچر کھیلوں کے شایقین کیلئے سونمرگ میں سرمائی اسکیٹنگ کورس مکمل کر کے ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے ۔ میں نوجوان شایقین سے گذارش کرتا ہوں کہ وہ ایکو سسٹم کے تحفظ کو اس کھیل کا ایک لازمی حصہ بنائیں اور آنے والی نسلوں کیلئے ایک بہتر معاشرے ، ایک خوشحال یو ٹی کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں ۔ کرگل کی بلند ترین چوٹیاں یہاں سے صرف سات گھنٹے کے فاصلے پر ہیں ۔ 23 سال پہلے ہمارے بہادر سپاہیوں نے ان ناقابلِ رسائی پہاڑیوں پر ترنگا لہرایا اور اپنی عظیم قوم کی سالمیت کی حفاظت کیلئے اپنی آخری سانس تک لڑے ۔ پچھلے دو تین برسوں میں جموں و کشمیر کھیلوں کے میدان میں بڑے پیمانے پر تبدیلی دیکھ رہا ہے ۔ گذشتہ سال 17.5 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو مختلف کھیلوں کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملا ۔ اس سے قبل کھیلوں میں شرکت کبھی بھی ایک لاکھ سے تجاوز نہیں کر سکی اور اس سال ہمارا مقصد 35 لاکھ کا ریکارڈ حاصل کرنا ہے ۔ ہم نے اپنی رینکنگ کو بہتر کیا ہے اور حال ہی میں ہریانہ میں ختم ہونے والے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں 16 ویں مقام پر چلے گئے ہیں ۔ مجھے یقین ہے کہ اگلے ایڈیشن میں جے اینڈ کے ٹاپ 10 میں ہو گا ۔ جدید ترین انڈور اور آؤٹ ڈور اسٹیڈیم کے ساتھ 31 کھیلو انڈیا مراکز ، ہر پنچائت میں کھیل کے میدانوں اور کھیلوں کی کٹس کی فراہمی اور ہونہار کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے سے جموں و کشمیر یو ٹی کھیلوں کے ہنر کا پاور ہاوس بن گیا ہے اور کھیلوں میں بہترین کارکردگی حاصل کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ جموں و کشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، سماجی و اقتصادی ترقی کر رہا ہے اور لوگوں کی امنگوں کو پورا کر رہا ہے ۔ عام آدمیوں کی زندگیوں کو متاثر کرنے والے ہر شعبے کی اصلاح کرنا ہمارا عزم ہے ۔