جموں //صوبہ جموں کی دو پارلیمانی نشستوں پر اپنے امیدوار نہ اُتارنے کے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے فیصلہ سے نالاں پارٹی کے سابق ایم ایل سی اور ایک سرکردہ لیڈر فردوس ٹاک نے پارٹی سے اودھمپور۔ڈوڈہ حلقہ پر لئے گئے فیصلہ پر نظر ثانی کی اپیل کی۔ اتوار کے روزایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اس سلسلہ میں پارٹی کے پارلیمانی معاملات کی کمیٹی میں ایک نظر ثانی کی پٹیشن دائر کی ہے اور پارٹی سے اودھمپور لوک سبھا نشست کے لئے کئے گئے فیصلہ پر نظر ثانی کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے فیصلہ کے بعد سول سوسائٹی ،یوتھ انجمنوں و پارٹی کے دیگر ونگوں نے ایک مجموعی فیصلہ لیا ،تاکہ پارٹی کے سیاسی معاملات کی کمیٹی کو اس فیصلہ سے آگاہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اپنا دعویٰ پیش کرنے کی ایک خاص وجہ ہے۔انہوںنے کہا کہ پارٹی کا حلقہ سے امیدوار نہ اُتارنے کے فیصلہ سے حلقہ کو تمام سیاسی پارٹیاں نظر انداز کر رہی ہیں۔حلقہ کی تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقہ کے6۔اضلاع میں تقریباً24 لاکھ کی آبادی ہے،جس میں سے اکیلے وادی چناب میں آبادی کا نصف حصہ ہے۔ انہوں نے کہا چاہیے کانگریس ہو ،بی جے پی یا کوئی دیگر گروپ ہو تو یہ ہمیشہ سے ہی وادی چناب کی 50 فیصدی آبادی کو نظر انداز کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں وادی چناب کے مقروض ہیں لیکن اس کے دور افتادہ علاقہ کے لوگ ابھی بھی قدیم پتھر کے زمانے میں رہتے ہیں۔انہوں نے حلقہ کے موجودہ ایم پی پر الزام لگایا کہ وہ ملک کے سب سے اعلیٰ دفتر پر بیٹھ کر فقط ادہمپور اور کٹھوعہ کے مفاد کو دیکھ رہے ہیں اور وادی چناب کو نظر انداز کیا ہے۔انہوں نے پارٹی سے اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کی اپیل کی۔