راجوری //جموں پونچھ شاہراہ پر سنیچر اور اتوار کی دیر رات پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک شخص لقمہ اجل بن گیا جبکہ دیگر 6افراد زخمی ہو گئے جن کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ جموں پونچھ شاہراہ پر کالی دھار کے مقام پر رات کو ایک ایگو گاڑی زیر نمبر JK11B-2928کو حادثہ پیش آیا جس کے دوران وہ ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر کھائی میں جاگری ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک حادثہ ریاسی ضلع کی بھاملہ پولیس چوکی کی حدود میں کالی دھار کے مقام پر رونما ہوا جبکہ پولیس اور مقامی لوگوں نے زخمیوں کو کمیونٹی ہیلتھ سنٹر چوکی چورا منتقل کیا جہاں پر محمد جاوید ولد عبدالعزیز سکنہ سرنکوٹ پونچھ مردہ قرار دے دیا گیا ۔زخمی ہونے والوں میں محمد حفیظ ولد محمد عظیم سکنہ سرنکوٹ ،وسیم انجم ولد منیر حسین سکنہ کوٹرنکہ ،محمد تاج ولد خادم حسین سکنہ سرنکوٹ ،محمد عارف ولد محمد شبیر سکنہ پونچھ ،ظہیر احمد ولد محمد لطیف سکنہ پونچھ ،محمد عامر ولد منور حسین سکنہ راجوری شامل ہیں ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔