عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے منگل کے روز بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کے زیرِ نگرانی ضلع میں جاری سڑک منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔اجلاس میں بی آر او کے سینئر افسران، لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر، اور تحصیلداروں نے شرکت کی۔گفتگو کے دوران ضلع میں اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں بشمول جموں-پونچھ قومی شاہراہ (NH144-A)، راجوری-تھنہ منڈی-سرنکوٹ روڈ (RTS)، اور شاہپور روڈ کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ منصوبے علاقے کی ترقی اور بہتر رابطے کے لئے نہایت اہم سمجھے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کو جموں-پونچھ این ایچ 144-اے کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ زمین کے حصول اور یوٹیلیٹی شفٹنگ کے مراحل جاری ہیں۔ڈی سی پونچھ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ زمین کے معاوضے کی فوری اور شفاف ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں کو بلا تاخیر مکمل کیا جا سکے۔متعلقہ ایجنسیوں کو یہ بھی کہا گیا کہ آر ٹی ایس اور جموں و پونچھ شاہراہ کی حدود میں آنے والی رکاوٹوں کو جلد از جلد ہٹایا جائے، خاص طور پر وہ ڈھانچے جن کے مالکان کو پہلے ہی معاوضہ ادا کیا جا چکا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ’’یہ اقدام منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور سڑکوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے نہایت ضروری ہے‘‘۔عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی جانب سے ان منصوبوں پر تیز رفتاری سے عمل درآمد کے فیصلے کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ شاہراہیں جلد از جلد مکمل ہوں گی، جس سے سفری مشکلات میں کمی اور علاقائی ترقی میں اضافہ ہوگا۔