جموں پولی تکنیک کالج میں میگا جاب میلہ ۔ 12,000 روزگارکے متلاشی اَفراد کی شرکت

 عظمیٰ نیوز سروس

جموں //لیفٹیننٹ گورنرکے مشیر راجیور ائے بھٹناگر نے جموں و کشمیر میں روزگار کے اِمکانات کو تقویت دینے کی سمت میں ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے آج یہاں گورنمنٹ پولی تکنیک کالج میں ایک میگا جاب میلے کا اِفتتاح کیا۔جاب میلے میں آن لائن رجسٹریشن کرنے والے زائد اَز 12,000 روزگارکے متلاشی اَفراد نے تقریب میں شرکت کی۔ مختلف شعبوں میں 8,000 سے زیادہ اَسامیاں رکھنے والی تقریباً 120 کمپنیاں اور آجر اس میگا ایونٹ کا حصہ تھے۔ بھٹناگر نے مختلف روزگار فراہم کنندگان سے اِستفساری گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میگا جاب میلہ اِقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور باصلاحیت اَفرادی قوت کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آجروں اور روزگارکے متلاشیوں کو اکٹھا کرکے ہمارا مقصد ایک ایسا پلیٹ فارم بنانا ہے جو باہمی فائدے کی سہولیت فراہم کرے۔ مشیر موصوف نے مختلف ملازمتوں کے متلاشیوں سے بھی بات چیت کی اور انہیں روزگار حاصل کرنے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ جاب میلہ آجروں اور روزگار کے متلاشیوں دونوں کے لئے ایک میگا پلیٹ فارم ہے کیوں کہ یہ ان دونوں کو اُن کی ضروریات کے مطابق مواقع فراہم کرے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ میلہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو جانچنے کا ایک پلیٹ فارم بھی ہے۔