چیف سیکریٹری کی معاوضہ کیسوں جلد نمٹانے کی ہدایت
سرینگر//چیف سیکریٹری اٹل دولو نے کل ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں جموں و کشمیر میں بڑی شاہراہوں اور سڑک ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ یہ منصوبے پروجیکٹ بیکن، پروجیکٹ سمپرک، این ایچ اے آئی، این ایچ آئی ڈی سی ایل اور محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی) کے تحت عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے منصوبہ وار اور پیکیج وار پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے تکمیل کے لیے واضح ٹائم لائنز طلب کیں اور ایجنسیوں کو درپیش رکاوٹوں کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تعمیراتی مواد کے استخراج کی اجازت صرف مخصوص منصوبوں کے لیے دی جائے اورمتعلقہ ڈپٹی کمشنرمعاوضہ کیسوں کو جلد نمٹا کر زمین فوری طور پر ایجنسیوں کے حوالے کریں تاکہ تمام پیکیجز پر بیک وقت کام شروع ہو سکے۔ اجلاس میں کئی اہم شاہراہوں اور سرنگوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جن میں سرینگر–بارہمولہ–اْوڑی روڈ، کھنہ بل–بال تل روڈ، پیر کی گلی اورسادھناٹنل، اکھنور–پونچھ روڈ، دہلی–امرتسر–کٹرہ ایکسپریس وے، چوتھا توی پل جموں سمیت متعدد منصوبے شامل ہیں۔ چیف سیکریٹری نے خاص طور پر این ایچ-44 پر جاری کاموں اور سرنگی منصوبوں کو تیز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ناشری–چنانی روڈ، ماروگ–ڈگڈول ٹنل، ڈگڈول–خونی نالہ ٹنل، مکرکوٹ–شیر بی بی ٹنل اور بانہال–رامبن روڈ کی بلیک ٹاپنگ کو دسمبر کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں جموں اور سرینگر رنگ روڈ منصوبوں پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، جن میں زمین کے مسائل، تعمیراتی پیش رفت اور کنیکٹیویٹی کی ضروریات شامل تھیں۔ سرینگر رنگ روڈ کو ایئرپورٹ اور سمبل–وائل تک جوڑنے کے منصوبے پر بھی زور دیا گیا۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ یہ تمام منصوبے جموں و کشمیر میں آمدورفت، معاشی ترقی اور علاقائی ربط کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے تمام محکموں اور ایجنسیوں کو قریبی تعاون کے ساتھ کام کرنے اور ہر رکاوٹ کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت دی تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہوں۔