ایجنسیز
نئی دہلی// ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی نے 77ویں آرمی ڈے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں تشدد میں کمی دیکھی گئی ہے اور اسمبلی انتخابات، لوک سبھا انتخابات اور امرناتھ یاترا کی پرامن تکمیل بھی یہی ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے کہا”شمالی سرحدوں پر حالات معمول کے مطابق ہیں لیکن حساس بھی، ہماری فوج کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، ناردرن بارڈرز پر جدید اور اہم انفراسٹرکچر تیار کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، مغربی سرحدوں کی ایل او سی پر جنگ بندی برقرار ہے لیکن دراندازی کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ آرمی چیف نے کہا”جموں و کشمیر کے اندرونی علاقوں میں، سیکورٹی فورسز کی مسلسل سخت کوششوں کے نتیجے میں، تشدد میں کافی حد تک کمی آئی ہے اور اسمبلی انتخابات، لوک سبھا انتخابات اور امرناتھ یارتا کا پرامن ماحول میں مکمل ہونا صورتحال میں بہتری کو ظاہر کرتا ہے”۔ چیف نے کہا، آج ہمارا ملک ایک نئے دور کی دہلیز پر کھڑا ہے اور ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کی طرف آسانی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ہمارے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ایک مستحکم اور محفوظ ماحول ضروری ہے۔دریں اثنا، جنرل دویدی نے ان فوجیوں کے اہل خانہ کو اعزاز دیا جنہیں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ان کی بہادری کے لیے سینا میڈل(مرنے کے بعد) سے نوازا گیا اور گزشتہ سال سب سے بڑی قربانی دی تھی۔قبل ازیں، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کو 77ویں یوم آرمی کے موقع پر ہندوستانی فوج کے بہادر سپاہیوں، افسروں اور اہل خانہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔