او بی سی اورپہاڑی طبقے کے وفودلفٹینٹ گورنر سے ملاقی
سرینگر//لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے کل راج بھون سرینگر میں دیگر پسماندہ طبقات ( او بی سی ) کے وفد سے ملاقات کی ۔وفد نے جموں و کشمیر کی پنچائتوں اور شہری لوکل باڈیز ( یو ایل بیز ) میں تحفظات کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ ہندوستان کی آزادی کے بعد پہلی بار جموں و کشمیر میں او بی سی کو انصاف فراہم کیا گیا ہے ۔ ہم ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح ایک بیک ورڈ ویلفئیر محکمہ قائم کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے منظور کردہ ایکٹ کو مکمل طور پر لاگو کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قواعد وضع کئے جا رہے ہیں اور جلد شائع کئے جائیں گے ۔ لفٹینٹ گورنر نے جموں کشمیر کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے او بی سی کو بااختیار بنانے کیلئے یو ٹی انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج جموں کشمیر سماج میں ایک تبدیلی دیکھ رہا ہے اور یہ سماج کے محروم طبقات کیلئے ایک نئی شروعات ہے ۔
جموں کشمیر دیگر پسماندہ طبقات ( او بی سی ) ویلفئیر ایسوسی ایشن کے چئیر مین مسٹر محمد اقبال آہنگر نے وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ اور لفٹینٹ گورنر منوج سنہا کا او بی سی کمیونٹی کی معاشی اور سماجی و سیاسی ترقی کیلئے شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی تاریخ میں گذشتہ چار برس صحیح معنوں میں ’’ 4 سال بے مثال ‘‘ رہے ہیں ۔جے اینڈ کے او بی سی ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر محمد شفیع شمع نے جموں و کشمیر میں او بی سی کمیونٹی کو بااختیار بنانے کیلئے حکومت ہند اور یو ٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ بات چیت کے دوران زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے او بی سی کے 150 سے زیادہ نمائندے موجود تھے ۔ اس دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے صوبہ کشمیر سے پہاڑی کمیونٹی کے 160 رُکنی وفد سے بھی بات چیت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میںحکومت قبائلی طبقوں کو بااِختیار بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ یہ جموںوکشمیر یوٹی کی قبائلی آبادی کے لئے ترقی، خوشحالی، استحکام اور اُمید کا ایک نیا دور ہے۔‘‘ صوبہ کشمیرکے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی ممبران نے جموں و کشمیر میں پہاڑیوں، پڈاری، کولی اور گڈا برہمن کو درج فہرست قبائل کی فہرست میں شامل کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ اَدا کیا۔سابق آئی جی پی ایس راجا اعجاز علی نے کہا،’’یہ جموں و کشمیر کی پہاڑی آبادی کے لئے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ پہاڑی کمیونٹی کو درج فہرست قبائل کی فہرست میں شامل کرنا وزیر اعظم نریندر مودی کے سب کا ساتھ، سب کا وِکاس کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔ پہاڑیوں کو کئی دہائیوں تک نظر انداز کیا گیا لیکن اَب اگلے 10 برسوں میں ہم اَپنی زندگی میں نمایاں تبدیلی دیکھیں گے۔‘‘عبدالمجید زنددل نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں پہاڑیوں کو 70 برس سے زیادہ کی جدوجہد کے بعد حقیقی معنوں میں آزادی ملی ہے۔اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے بشیر احمد خان نے کہا کہ ہماری آواز کو کئی دہائیوں تک دبایا گیا تھا لیکن لیفٹیننٹ گورنر کی مخلصانہ کوششوں کی وجہ سے ہمیں مناسب نمائندگی دی گئی ہے۔دورانِ بات چیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز پہاڑی رہنما، کمیونٹی کے عمائدین اورنوجوان موجود تھے۔