عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// انتظامیہ کی جدید تکنیکی مداخلتوں اورسبسڈی کے ساتھ مشروم کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ قومی زراعت کی ترقی کے پروگرام، راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا کے تحت مشروم کی کاشت پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے اور مشروم کے کاشتکاروں کو معیاری بیجوں سے لیس کیا جاتا ہے اور انہیں سائنسی کاشت کی تکنیکوں میں تربیت دی جاتی ہے۔مقامی خبر رساں ایجنسی وی او آئی کے مطابق انتظامیہ کی 50 فیصد سبسڈی اور تکنیکی علم کاشتکاروں کے درمیان کاشت کو منافع بخش بنا رہا ہے۔ جموں و کشمیر کی حکومت مشروم کی کاشت کی حوصلہ افزائی اور فروغ کے لیے اسٹیک ہولڈرز پر زور دے رہی ہے، جو نوجوانوں کے لیے ایک ممکنہ کاروباری صلاحیت ہے۔ حالیہ حکومتی مداخلتوں کے ساتھ، جموں شیوالک میں جنگل میں رہنے والوں کو کھمبیوں کو جمع کرنے اور پروسیسنگ کی تکنیکوں، مارکیٹ کے علم کے ساتھ ساتھ مارکیٹ تک رسائی کے بارے میں باضابطہ تربیت اور ہدایات دی جا رہی ہیں، تاکہ ان کی کوششوں سے انہیں ان کا جائز حصہ مل سکے۔ شمالی ضلع بارہمولہ کے بٹہ پورہ کے محمد اشفاق ملا نے 2018 میںمشروم اگانا شروع کئے اور اب حکومتی مدد سے اس کا اجر حاصل کر رہے ہیں۔ 38 سالہ زرعی صنعت کار فی الحال مشروم کی کاشت کاری، سپون کی پیداوار اور کھمبی کے خواہشمند کسانوں کی تربیت سے تقریباً 1 لاکھ سے 1.5 لاکھ روپے سالانہ کماتا ہے۔ فی الحال سالانہ 1.5-1.75 کوئنٹل مشروم تیار کر رہے ہیں اور انہیں 250 روپے فی کلو گرام میں فروخت کر رہے ہیں۔ وہ باغبانی ڈویژن کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اسے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا اور اس کی مارکیٹنگ میں مدد کی۔ انہوں نے کہاکہ مستقبل میں میں ایک مشروم فارم بنانے کا ارادہ رکھتا ہوں جس کے ذریعے میں نہ صرف پورے شمالی کشمیر کا احاطہ کروں گا بلکہ نوجوانوں کو ملازمتوں میں بھی جگہ دوں گا۔ انہوں نے مشروم کی کاشت میں دلچسپی رکھنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی مدد کے لیے محکمہ زراعت کا دورہ کریں اور وقتاً فوقتاً افسران سے مشورہ اور رہنمائی حاصل کریں۔