بلال فرقانی
سرینگر// 5ویں جموں و کشمیرسٹیٹ آرم ریسلنگ چیمپئن شپ 2دنوں تک جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوئی، جس میں 300 سے زائد شرکاء نے 40 مختلف زمروںمیں حصہ لیا۔ اس مقابلے کا انعقاد جموں و کشمیر آرم ریسلنگ ایسوسی ایشن نے پیپلز آرم ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے تحت کیا تھا، جس میں سب جونیئر، جونیئر، یوتھ، سینئر اور جسمانی طور معذور کھلاڑیوںکے زمروں میں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔تجمل بلال کو یوتھ اور سینئر زمرے میں چمپین آف چمپئن جبکہ، ابو اکرم کو جونیئر زمرے میں چمپین آف چمپئن کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس ایونٹ کی خاص بات یہ رہی کہ اس میں جسمانی طور پر معذور 10مرد اور 15 خواتین کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔چیمپئن شپ نے آئندہ قومی آرم ریسلنگ چیمپئن شپ کیلئے ایک اہم کوالیفائر کا کام کیا، جس میں ہر زمرے میں ٹاپ میڈل جیتنے والے کھلاڑی قومی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے منتخب ہو گئے ہیں، جو کہ چند ماہ میں منعقد کی جائے گی۔پی اے ایف آئی کی صدر، پریتی جھانگیانی اور پرو پنجہ لیگ کے شریک بانی، پروین داباس، اختتامی تقریب میں شریک ہوئے اور جموں و کشمیر میں آرم ریسلنگ کے لیے موجود بے شمار ہنر کی تعریف کی۔ انہوں نے کھیل کے اس پلیٹ فارم کو نوجوانوں کو سماجی برائیوں جیسے منشیات سے دور رکھنے کے لیے اہم قرار دیا۔ داباس نے کہا، ’’کشمیر میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے اور آرم ریسلنگ اس علاقے کی کھیلوں میں صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ یہاں کے ایتھلیٹس شاندار طاقت، مہارت اور عزم کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ نوجوانوں میں اتنی لگن ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس طرح کے ایونٹس نوجوانوں میں نظم و ضبط کو فروغ دیں گے، اور وہ منفی اثرات سے دور رہیں گے۔‘‘ بالی ووڈ اداکارہ پریتی جھانگیانی نے کہا، ’’جموں و کشمیر میں آرم ریسلنگ میں موجود ٹیلنٹ واقعی شاندار ہے۔ ہم نے یہاں کچھ زبردست کارکردگی دیکھی، اور یہ واضح ہے کہ اس علاقے کا کھیلوں میں روشن مستقبل ہے۔ آرم ریسلنگ صرف ایک مقابلہ نہیں ہے، بلکہ یہ نوجوان ذہنوں کو مرکوز رکھنے، نظم و ضبط پیدا کرنے اور منفی اثرات جیسے منشیات سے دور رکھنے کا ایک طریقہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کہ یہ کشمیر کی آرم ریسلنگ کمیونٹی کے لیے صرف آغاز ہے، اور ہم ان کی ترقی کی حمایت کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ جموں و کشمیر آرم ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر فاروق احمد ڈار نے ایونٹ کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا،’’اس مقابلے کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں تندرستی کو فروغ دینا ہے اور انہیں منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے دور رکھنا ہے۔‘‘اس ایونٹ میں ڈویڑنل اسپورٹس افسرہ نصرت غزالہ، آرم ریسلنگ ایسوسی ایشن کے بانی مشتاق احمد زرگر اور کوچ شوکت احمد نروری بھی موجود تھے، جنہوں نے چیمپئن شپ کی تنظیم اور اس کے مقامی نوجوانوں پر مثبت اثرات کی تعریف کی۔