نیوز ڈیسک
سرینگر // چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے بدھ کو کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات ہونے والے ہیں اور وہ موسم، سیکورٹی خدشات اور دیگر ریاستی انتخابات کے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے کرائے جائیں گے۔نئی دہلی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کمار نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حد بندی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، پولنگ سٹیشنوں کی درستگی، از سر نو ترتیب، آر اوز کی تقرری، ایروز اور باقی رسمی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں، ہمارا خیال ہے کہ جہاں بھی یہ چیزیں مکمل ہو جاتی ہیں، انتخابات ہو جاتے ہیں اور ان کا انعقاد ہونا ضروری ہے‘‘ ۔سی ای سی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات موسم، سیکورٹی خدشات اور دیگر ریاستوں میں انتخابات کے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے کرائے جائیں گے۔ تاہم، انہوں نے کسی تاریخ یا مہینے کی وضاحت نہیں کی جب جموں و کشمیر میں انتخابات ہوں گے۔جموں و کشمیر میں حد بندی کا عمل گزشتہ سال مکمل ہوا تھا۔ حد بندی کمیشن کی سربراہ جسٹس ریٹائرڈ رنجناپرکاش ڈیسائی اور سشیل چندرا اور کے کے شرما نے پچھلے سال حد بندی کمیشن کی سفارشات مرکزی سرکار کو پیش کی تھیں۔حتمی حد بندی آرڈر کے مطابق، مرکزی حکومت کی طرف سے مطلع کرنے کی تاریخ سے درج ذیل چیزیں لاگو ہوگئی ہیں۔ خطے کے90 اسمبلی حلقوں میں سے43 جموں خطے کا حصہ ہوں گے اور 47 کشمیر خطے کے لیے ہوں گے۔ حد بندی ایکٹ2002کی دفعہ9(1)(a) اور جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ2019 کی دفعہ 60(2)(b) کی دفعات کے تحت حد بندی کی سفارشات پیش کی گئیں۔ایسوسی ایٹ ممبران، سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، شہریوں، سول سوسائٹی گروپس کے ساتھ مشاورت کے بعد، نو اسمبلی حلقے ایس ٹی کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے چھ جموں اور تین وادی میں ہیں۔ حد بندی کمیشن نے جموں و کشمیر خطے کو ایک واحد مرکز کے زیر انتظام علاقہ کے طور پر دیکھا ہے۔ لہٰذا، وادی میں اننت ناگ کے علاقے اور جموں خطے کے راجوری اور پونچھ کو ملا کر ایک پارلیمانی حلقہ بنایا گیا ہے۔ اس تنظیم نو سے ہر پارلیمانی حلقے میں18 اسمبلی حلقوں کی مساوی تعداد ہوگی۔بلدیاتی نمائندوں کے مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ اے سی کے نام بھی تبدیل کیے گئے ہیں۔