نیوز ڈیسک
پلوامہ+ شوپیاں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے پلوامہ اور شوپیان اَضلاع میں کثیر المقاصد سنیما ہالوں کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ آج جموںوکشمیر یوٹی کے لئے ایک تاریخی دِن ہے ۔ پلوامہ اور شوپیاں میں کثیر المقاصد سنیماہال فلموں کی سکریننگ ، انفوٹینمنٹ اور نوجوانوں کی مہارت اور مختلف سہولیات فراہم کریں گے۔‘‘اِس تقریب کو دیکھنے کے لئے طلباء ،نوجوان اور زندگی تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ درسو پلوامہ اور ایم سی شوپیان کے نئے کثیر المقاصد سنیما ہالوں میں جمع ہوئے۔حکومت کے مشن یوتھ ڈیپارٹمنٹ نے ضلعی اِنتظامیہ کے اشتراک سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں سنیما گھروں کا قیام شروع کیا ہے ۔ اننت ناگ ، بانڈی پورہ ، گاندربل ، ڈوڈہ ، راجوری ، پونچھ ، کشتواڑ اور رِیاسی میں سنیما ہالوں کا جلد ہی اِفتتاح کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے پلوامہ اور شوپیان کے کثیر المقاصد سنیما ہالوں کو لوگوں بالخصوص کشمیر کی نوجوان پود کے نام وقف کیا جو اِس لمحے کا طویل عرصے سے اِنتظار کر رہے ہیں۔اُنہوں نے مشن یوتھ کے تحت جموںوکشمیر یوٹی کے ہر ضلع میں اِسی طرح کے کثیر المقاصد سنیما ہال قائم کرنے کے حکومت کے نظریۂ کو شیئر کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سنیما ایک طاقتورتخلیقی ذریعہ ہے جو ثقافت ، اقدار اور لوگوں کی خواہشات کی عکاسی کرتا ہے ۔اُنہوں نے مشاہدہ کیا کہ یہ علم کی دُنیا ، نئی دریافتوں کے دروازے کھولتا ہے اور لوگوں کو ایک دوسرے کی ثقافت کو بہتر طور پر سمجھنے کے قابل بناتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کا سنیما کی دُنیا سے طویل وابستگی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ نئی فلم پالیسی اور سہولیات نے جموںوکشمیر کو ایک بار پھر شوٹنگ کا پسندیدہ مقام بنایا ہے اور جموںوکشمیر یوٹی میں فلم سازی کے سنہر ی دُور کو واپس لایا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مشن یوتھ ، ضلعی اِنتظامیہ ،جادو گروپ اور سوسائٹی کے تعاون سے سنیما کی طرف سے پیش کی جانے والی لازول تخلیقی صلاحیتوں کومستقبل میںسراہا جائے گا۔اُنہوںنے کہا کہ ہمارے ملک میں سماجی تبدیلی میں سنیما نے بہت بڑا کردار اَدا کیا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیںرول ماڈل دینا ، معاشرے اور قوم کے لئے کام کرنے کی ترغیب دینا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اِس بات کو یقینی بنارہی ہے کہ جموںوکشمیر کے باصلاحیت نوجوانوں کو تعلیم اور سکل ڈیولپمنٹ کے لئے صحیح پلیٹ فارم اور جدید سہولیات میسرہوں۔اُنہوں نے کہا کہ نئے سنیما ہال مقامی لوگوں کے لئے روزگار پیدا کریں گے اور نوجوانوں کی تربیت اور سمیناروںکے لئے ایک متحرک جگہ بھی فراہم کریں گے۔
’ عوام کی آواز‘ پروگرام
اعتماد اور شفافیت بہتر حکمرانی کا دِل:سنہا
نیوز ڈیسک
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ’’ عوام کی آواز‘‘ پروگرام کے 18ویں قسط میں اعتماد اور شفافیت کو بہتر حکمرانی کا دِل قرار دیا۔اُنہوں نے کہا کہ سرکاری سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی ٹھوس کوششوں سے مطلوبہ نتائج حاصل ہو رہے ہیںاور لوگ اَپنے حقوق اور فرائض سے باشعور ہوچکے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اِنتظامیہ میں شفافیت اور پالیسیو ں کی عمل آوری سے ایک تعمیر ی نظام کو فروغ دینے میں مددملی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ ترقی کی ترجیحات اور امرت کال کھنڈ میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے پُر عزم ہے۔اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ مساوات اور سماجی ہم آہنگی کی راہ پر چل کر ہم خود اَنحصاری جموںوکشمیر کے ہدف کو حاصل کرسکتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک نئے ترقی پسند معاشرے کی تشکیل ممکن ہے اگر ہر فرد حساس ہو اور مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کرے۔منوج سِنہا نے کہا کہ وادی کشمیر میں برفباری کے دوران سڑکیں بُری طرح ٹوٹ پھوٹ اور خستہ ہوجاتی ہیں جس سے لوگوں کو تکلیف اور مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے شہریوں کی متاثر کن داستانیں بھی شیئر کیں جو دوسروں کی زندگی میں اثر اَنداز ہوتی ہے اور معاشرے میں زبر دست تبدیلی لارہے ہیں۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے تمام شہریوں کو توراتری اور دُرگا پوجا کے آنے والے موقعہ پرمبارک باد بھی دی ۔اُنہوں نے شہریوں سے 2؍ اکتوبر کو مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے موقعہ پر اَپنے علاقوں میں شرمدان سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اپیل کی۔