جموں وکشمیر کی شاہراہیں 2025تک امریکی شاہراہوںجیسی ہونگی : گڈکری

سمت بھارگو

راجوری//جموں و کشمیر کی شاہراہیں اگلے سال 2025 کے آخر تک امریکہ کی ہائی ویز کے برابر ہو جائیں گی۔یہ بات مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری نے جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے بدھل علاقے میں منعقدہ ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔گڈکری جمعرات کی دوپہر راجوری ضلع کے دور افتادہ کونے بدھل پہنچے اور اسکول گراؤنڈ میں منعقدہ ایک ریلی سے خطاب کیا ۔اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نتن گڈکری نے کئی سڑکوں، شاہراہوں اور خاص طور پر سرنگوں کے پروجیکٹوں کی فہرست بنائی جو گزشتہ ایک دہائی میں جموں و کشمیر میں حکومت ہند کی طرف سے اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی حکومت سے پہلے جموں و کشمیر میں صرف تین سرنگیں تھیں اور اب یہ تعداد کئی گنا بڑھ چکی ہے جو عوامی بہبود کے لئے ہماری وابستگی کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی ٹنل پراجیکٹس پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں جہاں کئی دیگر پراجیکٹس پر کام جاری ہے اس کے علاوہ کئی نئے پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔مرکزی وزیر نے کہاکہ ’’ہم جموں و کشمیر کو تمام پہلوؤں سے تبدیل کرنے جا رہے ہیں اور یہ تمام لوگوں کے ساتھ میرا وعدہ ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہاکہ جموں و کشمیر کی تمام شاہراہیں 2025 کے آخر تک امریکہ کے برابر ہو جائیں گی‘‘۔مرکزی وزیر نے سیاحت کے ذریعے روزی روٹی پیدا کرنے کی اہمیت پر مزید روشنی ڈالی اور کہا کہ مقامی لوگوں کی مانگ کے مطابق شری ماتا ویشنو دیوی سے بدھل کے راستے کشمیر تک سیاحت کا ایک کوریڈور قائم کرنے کے علاوہ اس علاقے کی سیاحتی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔قبل ازیں بدھل سے بی جے پی کے امیدوار ذوالفقار علی نے اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نتن گڈکری کو علاقے کی ٹپوگرافک صورتحال، سیاحت کی صلاحیت اور کچھ اہم سڑک پروجیکٹوں کی کمی کے بارے میں بریفنگ دی۔