جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال فوجی سربراہ کا اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جائزہ

File Photo

 یو این آئی

سری نگر//فوجی سربراہ جنرل اوپندرا دویدی نے سری نگر کا دورہ کرکے جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر فوج اور پولیس کے سینئر آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کے تازہ سیکورٹی منظر نامے پر بات چیت کی گئی۔جنرل اوپندرا دویدی نے سری نگر میں پولیس سربراہ آر آر سوین اور نو منتخب پولیس چیف نالن پربھات کے ساتھ جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال پر بھی گفت وشنید ہوئی۔دریں اثنا شمالی کمان کے دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا:فوجی سربراہ جنرل اوپیندرا دیویدی نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ سیکورٹی صورتحال پر بات چیت کی۔ ’انہوں نے کہاکہ آرمی چیف نے پولیس سربراہ آر آر سوین اورنالن پربھارت کے ساتھ بھی ملاقات کی جس دوران سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا گیا۔فوجی سربراہ کو مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی سربراہ نے بادامی باغ فوجی چھاونی میں جموں وکشمیر کے سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا جس دوران انہیں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظرفوجی سربراہ نے ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال پر بھی سینئر آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی۔