جموں// تبت کے روحانی پیشوا اور نوبل انعام یافتہ دلائی لامہ نے کہا کہ جموں وکشمیر ایک پیچیدہ ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ غصہ آفتوں کو دعوت دیتا ہے اور ’پیس آف مائنڈ‘ کی بدولت کسی بھی پیچیدہ مسئلے کو حل کیا جاسکتا ہے۔ دلائی لامہ اتوار کو سینٹرل یونیورسٹی آف جموں کے پہلے جلسہ تقسیم اسناد سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کریں گے، نے ہفتہ کو یہاں پہنچنے پر نامہ نگاروں کے ساتھ اپنی مختصر بات چیت میں کہا ’ہمارے جموں وکشمیر کے ساتھ قریبی روابط رہے ہیں۔ میں اہلیان ریاست کو اپنی خصوصی مبارکباد اور دعائیں پیش کرنے آیا ہوں۔ یقینا یہ بالکل واضح ہے کہ یہ ایک پیچیدہ ریاست ہے۔ لیکن پیس آف مائنڈ بہت ضروری ہے۔ آپ کو کتنی ہی پیچیدہ اور مشکل صورتحال کا سامنا ہے، آپ کو پیس آف مائنڈ کا ساتھ نہیں چھوڑنا چاہیے‘۔ دلائی لامہ نے کہا کہ سب انسان برابر ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’جہاں بھی میں جاتا ہوں، میں اس بات کا اظہار کرتا ہوں کہ سب انسان برابر ہیں۔ ہم جذباتی اور جسمانی طور پر ایک ہیں۔ ہر کوئی انسان پرسکون زندہ گذر بسر کرنا چاہتا ہے اور پیس آف مائنڈ اس کی بنیاد ہے‘۔