نیوز ڈیسک
سرینگر //جموں کشمیر میںشب قدر کی بابرکت تقریبات انتہائی عقیدت اور تُزک و احتشام کے ساتھ منائی گئیںجس کے دوران وادی اور صوبہ جموں کے طول و ارض میں روح پرور مجالس کا اہتمام ہوا اور لاکھوں فرزندان توحید نے شب خوانی کرکے بار گاہ الٰہی میں گڑگڑ اکر دعائیں مانگیں۔ شب قدر کے حوالے سے سب سے بڑی تقریب آثار شریف حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں بڑی تعدادمیں فرزندان توحید نے رات بھر شب خوانی کی۔اس سلسلے میںسوموار کی شام سے ہی درگاہ اور اسکے گردونواح کے علاقوں میں لوگوں کا بھاری رش دیکھنے کو ملا اور عقیدتمندوں کی بھاری تعداد درگاہ پہنچنا شروع ہوگئی۔ وادی کے شمال و جنوب سے سینکڑوں گاڑیوں میں سوار ہزاروں کی تعداد میں لوگ حضرت بل پہنچ گئے ۔
درگاہ میں لوگوں کی بھاری آمد کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ درگاہ اور آس پاس کے علاقوں کے ساتھ ساتھ وہاں کی طرف جانے والے تمام راستوں پر زبردست ٹریفک جام سے لوگ شدید مشکلات میں مبتلا ہوگئے ۔اسی طرح کی صورتحال شہر کے دیگر بازاروں میں بھی دیکھنے کو ملی اور درگاہ جانے والے مسافروں کی سینکڑوں گاڑیوں کو بھی ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔ درگاہ حضرت بل میں نمازمغرب سے قبل ہی لوگ صفوں میں بیٹھے درور و اذکار میں محو تھے جن میں خواتین کی بھی ایک بھاری تعداد شامل تھی جو اپنے مخصوص انداز میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں مانگتی رہیں۔ان تقاریب کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔ اس موقعہ پردرگاہ میں درودو اذکار کی گونج میں خواتین سمیت زائرین نے انتہائی عاجزی اور انکساری کے ساتھ بارگاہ الٰہی میں اپنے گناہوں کی مغفرت مانگی ۔اس کے علاوہ خانقاہ معلی ، جناب صاحبؒ صورہ، دستگیر صاحبؒ خانیار، مخدوم صاحبؒ،ٹی آر سی مسجد، دستگیر صاحبؒ سرائے بالاسمیت تما م چھوٹی بڑی مساجد اور خانقاہوں میں شب قدرکی تقریبات کا اہتما م ہوا جن میں لاکھوں لوگوں نے بہت ہی جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔اس دوران امام صاحبان نے شب قدر کی فضیلت اور اس کے تئیں مسلمانوں کی ذمہ داریوں کے تئیں مختلف پہلوئوں پر مفصل رشنی ڈالی۔ شہر کی دیگر مساجد ،خانقاہوںاور درگاہوں میں بھی آج شب قدر کے سلسلے میں روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے اور لوگوں کی کثیر تعداد نے ان مجالس میں حصہ لے کرتوبہ و استغفار کیا۔اطلاع کے مطابق چرار شریف میں حضرت شیخ العالمؒکی زیات میں شب قدر کے سلسلے میں بہت بڑااجتماع منعقد ہوا جس میں ہزاروں لوگوںنے شرکت کی۔ دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ میں بھی شب خوانی کی بڑی مجلس آراستہ ہوئی ۔معلوم رہے کہ وہاں 600افراد اعتکاف میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ اس دوران بارہمولہ، کپوارہ، بڈگام، اننت ناگ ،کولگام،بانڈی پورہ،گاندربل ،شوپیاںاور پلوامہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان اضلاع میں بھی شب قدر کی مقدس تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئیں جس کے دوران مساجد ، خانقاہوںاور درگاہوں میں شب قدر کے موقعہ پر روح پرور تقریبات کا اہتمام ہوا جن میں علماء اور ائمۂ حضرات نے اس رات کے فلسفے اور اس دن کی فضیلت کو اجاگر کیا اور وادی میں امن و آشتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔اس دوران جموں، پیرپنچال اور چناب خطوں میں مساجد ، خانقاہوں اور مدارس میں شب خوانی کی مجالس کا خصوصی اہتمام کیاگیا، جس میں بھاری تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی۔شب قدر کے حوالے سے منعقدہ تقریبات میں علماء اور ایماء مساجد و خطباء نے اس با برکت رات کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ رات پورے عالم انسانیت کے لئے ایک خوشی کا دن ہے کیونکہ اس رات کی عبادت نہ صرف ایک ہزار راتوں کی عبادت سے بہتر ہے بلکہ اسی رات کے دوران قرآن کریم کا نزول عمل میں آیا۔ علماء نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ قرآن شریف کی تعلیمات کو اپنی مشعل راہ بناتے ہوئے اللہ کے فرمودات پر عمل کریں اور اسی میں نہ صرف مسلمانوں بلکہ پورے علام انسانیت کی بقاء،فلاح اور بہبود ہے۔(مشمولات سی این آئی)