نیوز ڈیسک
سری نگر//سی بی آئی سری نگر کی انسداد رشوت برانچ ممبئی، دہلی، جموں اور سری نگر میں جے اینڈ کے بینک کے ذریعہ تقریباً 65000 مربع فٹ کے دفتر کی جگہ کی خریداری سے متعلق ایک معاملے میں ممبئی، دہلی، جموں اور سری نگر میں متعدد مقامات پرچھاپہ مار کاروائیاں انجام دیں۔
تفصیلات کے مطابق جموں و کشمیر بینک کے اس وقت کے چیئرمین حسیب درابو کے علاوہ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی اسٹیٹ کمیٹی کے ممبران بشمول اے کے مہتا، اس وقت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، اور اس وقت کے ڈائریکٹر محمد ابراہیم شاہد اور وکرانت کٹھیالاکی رہائش گاہوں پر سی بی آئی کے اہلکاروں کی طرف سے بیک وقت تلاشی لی جا رہی ہے۔
معاملہ میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی اسٹیٹ کمیٹی کے ممبران نے مذکورہ ڈیل کو آسان بنانے کے لیے کروڑوں میں کک بیکس حاصل کیں۔
تفصیلات کے مطابق، “سی بی آئی نے آج کے چھاپوں کے دوران مجرمانہ دستاویزات، متعدد بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات، بینک لاکر کی چابیاں اور دیگر متعلقہ دستاویزات ضبط کی گئیں ” ۔
جموں وکشمیر بینک کے عہدیداروں نے ان تلاشیوں کی تصدیق کی جو اس خبر کے شائع ہونے کے وقت بھی جاری تھیں۔