جموں وکشمیرمیں ڈینگو سے پہلی موت واقع، کیسوں میں اضافہ درج

جموں// جموں وکشمیر میں سال رواں کے دوران ڈینگو کی وجہ سے پہلی موت واقع ہوئی ہے اور یونین ٹریٹری میں ڈینگو کے کیسز میں بھی اضافہ درج ہونے لگا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع راجوری کے سندر بنی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک مریض کی منگل کے روز ڈینگو سے موت واقع ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ متوفی پنجاب کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھا۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں ماہ رواںسال کے دوران اب تک ڈینگو کے 62 کیسز درج ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے بیچ ڈینگو کے کیسز میں اضافہ درج ہونا ایک تشویش ناک بات ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یونین ٹریٹری میں سال رواں کے دوران اب تک 84 لوگوں میں ڈینگو کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے بیشتر کا تعلق ضلع جموں سے ہے۔مذکورہ ذرائع نے کہا کہ ان 84 کیسز میں سے 27 کیسز پرائیویٹ لیبارٹریوں میں درج ہوئے ہیں جبکہ باقی کیسز سرکاری ہسپتالوں کی لیبارٹریوں میں درج ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ماہ تک ڈینگو کی تشخیص صرف 22 لوگوں میں ہوئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ صوبہ جموں میں،جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہیں۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں سال گذشتہ ڈینگو کے صرف 37 کیسز درج ہوئے تھے۔