جموں//’’1947 کے بعدجموں وکشمیرمیں اُردوصحافت کی ترقی،غیر جانبدارومعیاری صحافت کو یقینی بنانے ،جموں وکشمیرکے تشخص اورسا لمیت کے علاوہ ہندوستان وپاکستان کے درمیان مسائل کے حل اور افہام و تفہیم کی ترغیب کیلئے کشمیرعظمیٰ اور گریٹرکشمیر نے شانداررول ادا کیاہے۔ کشمیرعظمیٰ /گریٹرکشمیرکے مدیر اعلیٰ فیاض احمد کلو ریاست کے عظیم صحافیوں، اللہ رکھاساگر، مولانا محمد سعید مسعودی ،پنڈت پریم ناتھ بزاز ،شمیم احمدشمیم، ویدبھسین ودیگرصحافیوں کی آزاد صحافتی روایات کو آگے بڑھانے کیلئے تاریخی فریضہ انجام دے رہے ہیں‘‘۔ ان خیالات کااظہار ریاست کے نامور صحافی ودانشور کرشن دیوسیٹھی نے کشمیرعظمیٰ /گریٹرکشمیرکے ڈیجیٹل سہولیات سے لیس نئے دفترکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کرشن دیوسیٹھی نے کہاکہ 1947 کے بعد اُردوصحافت نیم مردہ حالت میں تھی لیکن کشمیرعظمیٰ اورگریٹرکشمیراخبارات کے قیام سے آزادومعیاری صحافت کوایک نئی جہت اورتقویت ملی ۔انہوں نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیرمیں اللہ رکھاساغر ، لالہ ملک راج صراف مدیر’رنبیر‘ ،مولانا سیدمسعودی ،پنڈت پریم ناتھ بزاز، شمیم احمدشمیم ،ویدبھسین ،عبدالمجیدقریشی، راجہ محمداکبرخان جیسے بے باک صحافی ہوئے ہیں اوران کی آزادصحافت کی روایات کوفروغ دینے کیلئے کشمیرعظمیٰ اورگریٹرکشمیرکے مدیرفیاض کلّوتاریخی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ دورجہاں ایک طرف ملی ٹینسی ہے اور ریاست کوتقسیم کرنے والی طاقتیں ہیں ،وہیں دوسری طرف عوامی خواہشات کامسئلہ ہے ،ایسے میںآزاداورمتوازن صحافت کوقائم رکھناوقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔کرشن دیوسیٹھی نے کہاکہ اخبارات ریاست کے تشخص ،تمام خطوں کے آپسی بھائی چارہ کوبرقراررکھنے کے ساتھ ساتھ ہندوستان اورپاکستان کے درمیان بات چیت کے عمل کی وکالت اوراس پرزوردینے کیلئے دونوںاخبارات مبارکبادکے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت جموں وکشمیرمیں ایسی طاقتیں بھی موجودہیں جوریاست کوتقسیم کرنے کے لئے کوشاں ہیں لیکن کشمیرعظمیٰ اورگریٹرکشمیر ریاست کے تمام خطوں کومتحدرکھنے کے فریضے کوبخوبی سرانجام دے رہے ہیں جس کیلئے فیاض کلومبارکبادکے مستحق ہیں۔اس موقعہ پر انہوں نے علامہ اقبالؔؒ کے اشعار ؎ کہتاہوں وہی بات سمجھتاہوں جسے حق ۔نے آبلہ ٔ مسجد ہوں ،نہ تہذیب کافرزند…اپنے بھی خفا مجھ سے ہیں بیگانے بھی ناخوش…میں زہرِ ہلاہل کوکبھی کہہ نہ سکاقند … کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے مختلف اخبارات کاتعلق کارپوریٹ سیکٹرسے ہے اوران کا کشمیرکے حوالے سے رویہ بہت ہی غلط ہے ۔انہوں نے امیدظاہرکی کہ یہ دونوں اخبارات ریاست کے عظیم اوربے باک صحافیوں کی آزادومتوازن صحافت کی روایات کوآئندہ بھی برقراررکھتے ہوئے اپنے فریضے کوانجام دیتی رہیں گی۔افتتاحی تقریب میں ریاستی وزیربرائے تعلیم محمدالطاف بخاری، نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دویندرسنگھ رانااور دیگرمعززین بھی موجودتھے، ان معززشخصیات نے نئے دفترکے افتتاح کیلئے مبارکبادپیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ دونوں اخبارات آئندہ بھی ریاست کی تعمیروترقی ، معیاری صحافت ،ریاست کی سا لمیت کوبرقراررکھنے اور عوامی اُمنگوں کی ترجمانی کرنے کیلئے حسبِ روایت اپنی خدمات انجام دیتی رہیں گی۔