یو این آئی
سرینگر// محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے 9 دنوں کے دوران کسی بھی گرمی کی لہر کو خارج از امکان قرار دیا ہے تاہم صوبہ جموں کے میدانی علاقوں میں 2 سے 4 جون تک ہیٹ ویو جاری رہ سکتی ہے ۔محکمے نے اپنی ایڈ وائزری میں کہا ہے کہ صوبہ جموں کے میدانی علاقوں موسم خشک و گرم رہنے کا امکان ہے اور اس دورا ن ہیٹ ویو جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں اگلے 9 دنوں کے دوران کوئی ہیٹ ویو نہیں رہے گی۔دریں اثناء وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں کہیں گراوٹ تو کہیں اضافہ درج ہوا ہے ۔ادھرجمعہ کو کشمیر بھر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے اوپر رہا اور سری نگر میں 28.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ جموں کے علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہی۔قاضی گنڈمیں 28.6 ، کوکرناگ میں 28.0 ، پہلگام میں پارہ 24.6 جبکہ کپواڑہ اور گلمرگ میں بالترتیب 27.4 اور 18.0 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ سرمائی دارالحکومت جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ بانہال میں 27.8 ،بٹوٹ، کٹرہ اور بھدرواہ میں بالترتیب 30.9 ، 38.9 اور 33.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثنا ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر مختار احمد نے بتایا کہ آئندہ دو روز تک موسم جزوی ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 3 اور 4 جون کو موسم عام طور پر خشک رہے گا۔تاہم 5 سے 7 جون تک چند مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ گرج چمک کا امکان ہے۔ موجودہ پیش گوئی کے مطابق، 8 اور 9 جون کو جزوی طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے۔مزید برآں 2-4 جون کے دوران جموں کے میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر کے ساتھ خشک موسم متوقع ہے۔