پرویز احمد
سرینگر //جموں صوبے میں جمعرات کو ڈینگی کے مزید 57معاملے سامنے آئے ہیں اور اس طرح صوبے میںابتک ڈینگی سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 4860ہوگئی ہے۔ جموں صوبے کے ڈیوژنل نوڈل آفیسر ڈاکٹر ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کو ڈینگی کی تشخیص کیلئے 272 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 57افرادمیں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ جموں صوبے میں ابتک ڈینگی کی تشخیص کیلئے ابتک 16500ٹیسٹ کئے گئے جن میں 4860افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ ڈاکٹر ہرجیت رائے نے بتایا ’’ ضلع جموں میں زیادہ تر کیسز سروال، جانی پور، رہاری اور پلوریا علاقوں سے آرہے ہیں جہاں ابتک 4050افراد ڈینگی سے متاثر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین میں تقریبا 100بچے جبکہ60سے 80متاثرین کی تعداد 60سال سے زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کو دینگی سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے اور ابتک مرنے والوں کی تعداد صرف 7ہے۔ ڈاکٹر رائے نے بتایا کہ جموں صوبے کے اضلاع میں ڈینگی کے 4850مریضوں میں 90فیصد یعنی 4050ہزار جموں صوبے سے ہے جبکہ دیگر اضلع میں سانبہ سے 157، کٹھوعہ سے70، ادھم پور سے330، ریاسی سے90، راجوری سے 47، پونچھ سے30، ڈوڈہ سے 120، رام بن سے 29، کشتواڑ سے 20 اور کشمیر کے چھ کے علاوہ دیگر ریاستوں سے 40 کیس شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے جموں میں ڈینگی سے نپٹنے کیلئے اور لوگوں کو ضروری جانکاری دینے کیلئے گھر گھر جانے کی مہم کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ڈینگی مچھر کے خاتمہ کیلئے کیمیائی ادویات کا بھی چھڑکائو کیا جارہا ہے۔