یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی آج اتوار کو جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے اور یوم قومی پنچایتی راج پر سانبہ ضلع کی پلی گرام پنچایت سے ملک کی تمام گرام سبھا سے خطاب کرنے کے ساتھ ہی 20 ہزار کروڑ روپے کے مختلف پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے ۔ اگست 2019 میں آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو غیر فعال کرنے کے بعد مودی پہلی بار جموں و کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ان کا استقبال کریں گے ۔ وزیر اعظم 8.45 کلومیٹر طویل بانہال قاضی گنڈ فور لین روڈ سرنگ کا افتتاح کریں گے ، جس سے جموں اور سرینگر کے درمیان فاصلہ 16 کلومیٹر کم ہو جائے گا اور سفر میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی بچت ہو گی۔ آنے اور جانے کے لئے دودو سرنگوں والی یہ سڑک سال کے بارہ مہینے ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔ وزیر اعظم پورے ملک میں آبی ذخائر کی بحالی کے لیے ایک نئی اسکیم امرت سروور کا بھی آغاز کریں گے ۔ اس کے تحت ملک کے ہر ضلع میں 75 آبی ذخائر کی بحالی اور ترقی کی جائے گی۔ اسے آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر شروع ہونے والے پروگراموں کے ایک حصے کے طور پر شروع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم دہلی سے امرتسر جموں کٹرہ ایکسپریس وے کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ ساڑھے سات ہزار کروڑ روپے کے اس پروجیکٹ میں چار اور چھ لین ایکسیس کنٹرول ایکسپریس وے ہوگا جو کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں قومی شاہراہ 44 پر بالسوا سے براستہ گڈھا بیلداران، ہیرا نگر، جاکھ، وجے پور، کنجوانی تک ہوگا اور اس سے جموں ہوائی اڈے سے کنیکٹویٹی آسان ہو جائے گی۔ وزیر اعظم رتلے اور کوار پن بجلی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ 850 میگاواٹ کا رتلے پروجیکٹ کشتواڑ ضلع میں دریائے چناب پر 5,300 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا جا رہا ہے ۔ 540 میگاواٹ کا کوار پروجیکٹ بھی کشتواڑ ضلع میں دریائے چناب پر 4500 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے بنایا جائے گا۔ ان دونوں منصوبوں کی تکمیل سے علاقے کی بجلی کی ضرورت پوری ہو جائے گی۔ جموں و کشمیر جن او شدھی مراکز کی توسیع کرتے ہوئے ، ایسے 100 مراکز بنائے گئے ہیں، وزیر اعظم ان مراکز کا افتتاح کریں گے جو مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دور دراز علاقوں میں واقع ہیں۔ مودی پلی گاؤں میں 500 کلو واٹ کے سولر پاور پلانٹ کا افتتاح کریں گے ۔ پلی ملک کی پہلی پنچایت ہوگی جو کاربن نیوٹرل ہوگی۔وزیر اعظم اونر شپ کارڈ اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کو کارڈ حوالے کریں گے ۔ وہ یوم قومی پنچایتی راج پر مختلف زمروں میں ایوارڈ جیتنے والی پنچایتوں کو مختص فنڈز منتقل کریں گے ۔ مودی علاقے میں دیہی ورثے کی نمائش کرنے والی انٹیک فوٹو گیلری اور نوکیا اسمارٹ پور کا بھی دورہ کریں گے ۔ نوکیا اسمارٹ پور ایک دیہی انٹرپرینیورشپ والا ماڈل ہے تاکہ آدرش ا سمارٹ گاوں کے وژن کو ظاہر کیا جاسکے ۔اس دوران جموں میں وزیر اعظم کی آمد کے پیش نظر سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔ چپے چپے پر پولیس وسی آر پی ایف کے ناکے لگائے گئے ہیں، گاڑیوں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں اور سانبہ میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔تقریب کی جگہ تین روز ہی سیکورٹی فورسز نے اپنی تحویل میں لی ہے اور یہاں باریک بینی سے پورے علاقے کو سینی ٹائز کیا گیا ہے۔
وزیراعظم مودی کا سانبہ دورہ
پنچایتی نمائندوں کی جموں روانگی
بلال فرقانی
سرینگر// وادی میں مقیم پنچایتی نمائندے اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کے موقع پر پنچایتی راج دیوس میٹنگ میں شرکت کے لیے سانبہ کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔ تمام عوامی نمائندوں (سرپنچ، پنچ، ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی) کو فول پروف سیکورٹی کے درمیان تقریب میں لے جایا جا رہا ہے۔ عوامی نمائندے پنچایتی راج دیوس میٹنگ میں شرکت کریں گے، جس کا مقصد وزیر اعظم نریندر مودی کی سرپرستی میں مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینا ہے۔وزیر اعظم کروڑوں کے صنعتی منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بھی شرکت کرنے والے ہیں اور صنعتی سرمایہ کاری کا آغاز کریں گے، اور مختلف عوامی فلاحی اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔انتظامیہ نے سانبہ ضلع کے سرحدی گاؤں پالی میں وسیع انتظامات کیے ہیں، جہاں وزیر اعظم ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرنے والے ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد وزیر اعظم کا مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کا یہ پہلا دورہ ہے۔