بلال فرقانی
سرینگر//جموں و کشمیر کی چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی کیلئے قائم کی گئی ریاستی کارپوریشن ’سڈکو‘ کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل میں مالی مشکلات کی وجہ سے تاخیری صورتحال کا انکاشاف ہوا ہے۔ اس رپورٹ میں جہاں کچھ منصوبوں کی پیش رفت دکھائی گئی ہے، وہیں مالی مشکلات کے باعث اہم منصوبوں میں تاخیر بھی منظر عام پر آئی ہے۔کٹھوعہ ضلع میں5 بڑے منصوبے جاری ہیں، جن میں مختلف سطحوں پر کام ہو رہا ہے۔ بھگتھالی انڈسٹریل اسٹیٹ، جس کی ترقی کا کام ارکان کر رہا ہے، 40فیصد مکمل ہو چکا ہے اور اس پر 5642لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں، جبکہ کل بجٹ 8313لاکھ روپے ہے۔ بڈی انڈسٹریل اسٹیٹ، جو ارکان کے زیر انتظام ہے، میں ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، حالانکہ 3404لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں جس کیلئے 7008لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے۔ فورلائن انڈسٹریل اسٹیٹ میں 21فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اس پر 2579لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں، جبکہ کل بجٹ 4296لاکھ روپے ہے۔ سڈکوکے زیر انتظام مراتھ انڈسٹریل اسٹیٹ (گھٹی) مکمل ہو چکا ہے اور اس پر 894.98لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں، جس کیلئے 1792.27لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے۔ گھٹی انڈسٹریل اسٹیٹ کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ 90فیصد مکمل ہو چکا ہے اور اس پر 258 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں، جبکہ کل بجٹ 499لاکھ روپے ہے۔دوسری جانب آر ٹی آئی درخواست کے ذریعے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ5اہم منصوبے ’فنڈس کی کمی‘‘ کے باعث سست روی کا شکار ہیں اور ان منصوبوں کو 2025-26کے بجٹ میں شامل کیا گیا ہے، جس سے امید کی جا رہی ہے کہ مستقبل میں ان پر کام کی رفتار میں بہتری آئے گی۔ ان منصوبوں میں بڑی براہمنہ انڈسٹریل کمپلیکس کی اپ گریڈیشن، جس کا ڈی پی آر 1000لاکھ روپے ہے، سانبہ انڈسٹریل گروتھ سینٹر کی اپ گریڈیشن (مرحلہ I، II، اور III) جس کا 1387لاکھ روپے ہے، بڑی براہمنہ سیوریج لائن (مرحلہ I)، جس میں دو علیحدہ منصوبے ہیں اور ہر ایک کا ڈی پی آر(مفصل پروجیکٹ رپورٹ)400لاکھ روپے ہے، اور بڑی براہمنہ ،سی ای پی ٹی کی تعمیر (1.5 ایم ایل ڈی) شامل ہیں، جس کا ڈی پی آر928لاکھ روپے ہے ۔ ان منصوبوں کو 2025-26کے بجٹ میں شامل کرنا مستقبل میں ترقی کی راہ ہموار کر سکتا ہے، تاہم موجودہ تاخیر سے یہ خدشہ ظاہر ہو رہا ہے کہ خطے کی صنعتی ترقی کی رفتار متاثر ہو سکتی ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے فنڈز کی فراہمی اور منصوبوں کی بروقت تکمیل اہمیت اختیار کر چکی ہے۔
منصوبہ کا نام تفصیلات مختص بجٹ مکمل ہونے کی فیصد
بڑی براہمنہ اپ گریڈیشن ڈی پی آر 1000 لاکھ زیر التوا
سانبہ انڈسٹریل ڈی پی آر 1387 لاکھ زیر التوا
بڑی براہمنہ سیوریج ڈی پی آر 400 لاکھ روپے زیر التوا
بڑی براہمنہ،سی ای پی ٹی ڈی پی آر 928 لاکھ روپے زیر التوا