نیوز ڈیسک
جموں // حکومت نے گزشتہ سال دسمبر میں سدھرا علاقے میں ہوئے انکاؤنٹر کی مجسٹریل جانچ کا حکم دیا ہے جس میں چار ملی ٹینٹ مارے گئے تھے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم کے مطابق، اسسٹنٹ کمشنر جموں، پیوش دھوترا کو28دسمبر کو سدھرا میں پولیس چوکی کے قریب ہونے والے انکاؤنٹر کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری افسر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔دھوترا نے بدھ کو ایک نوٹس میں کہا’’ مجھے مجسٹریٹ انکوائری کرنے اور ضلع مجسٹریٹ، جموں کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔تحقیقات کا حکم قومی انسانی حقوق کمیشن کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق دیا گیا ہے۔افسر نے کہا، ’’معاملے کے حقائق کو اکٹھا کرنے اور منصفانہ اور شفاف طریقے سے انکوائری کرنے کے لیے، کوئی بھی شخص دفتر میں آکر 18سے 21جنوری تک اپنا بیان ریکارڈ کرسکتا ہے‘‘۔4 بھاری ہتھیاروں سے لیس ملی ٹینٹ، جو پاکستان سے دراندازی کے بعد ایک ٹرک میں کشمیر جا رہے تھے، یہاں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ’’موقعہ تصادم ‘‘ میں مارے گئے۔ان کے قبضے سے سات اے کے اسالٹ رائفلز، ایک ایم فور رائفل، تین پستول اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔