سرینگر/حکام نے جمعرات کو جموں شہر میں نافذ دن کا کرفیو ہٹادیا جس کے بعد سرمائی دارالحکومت میں معمول کی زندگی بحال ہوگئی۔
جموں میں 14فروری کے لیتہ پورہ، پلوامہ حملے کے بعد پُر تشدد مظاہرے بھڑک اُٹھے تھے جس کے بعد وہاں کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق آج جب جموں میں دن کا کرفیو پوری طرح ہٹایا گیا تو کم و بیش ایک ہفتے بعدسکول بھی کھل گئے اور سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی چلنے لگا۔
شہر میں تاہم سبھی کالیج اوریونیورسٹی بند ہیں اور امتحامات بھی ملتوی کئے گئے ہیں۔
اس سے پہلے ضلع مجسٹریٹ جموں،رمیش کمار نے جموں شہر سے صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک ، گیارہ گھنٹوں کیلئے کرفیو ہٹانے کا اعلان کیا۔
تاہم حکام کے مطابق شہر میں امن و قانون بنائے رکھنے کیلئے امتناعی احکامات بدستور نافذ رہیں گے۔
اس دوران شہر میں ٹو ۔جی موبائیل انٹرنیٹ سہولیات بھی بحال کی گئی ہیں۔