جموں میںبیساکھی کا تہوار جوش و خروش سے منایاگیا

نیوز ڈیسک
جموں//جموں وکشمیر میں جمعرات کے روز سکھ برادری نے بیساکھی کا تہوار انتہائی جوش و خروش اور مذہبی عزت و احترام سے منایا گیا۔بیساکھی سکھ مذہب کا سب سے بڑا تہوار ہے جو ہر سال 13 اور14 اپریل کو خالصہ پنتھ کے قیام اور فصلوں کی کٹائی کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔جموںوکشمیرکے اطراف و اکناف میں واقع گرداوروں میں جمعرات کی صبح سے ہی عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا۔جموں میںاس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب چاند نگر گردوارہ میں منعقد ہوئی۔اس گروارے میں عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد جن میں مرد و زن اور بچے اور عمر رسیدہ لوگ شامل تھے، نے حاضر ہو کر پوجا پاٹ کی۔اس موقع پر عقیدت مندوں کے لئے ایک خاص لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔گرد وارے پر تعینات رضا کار عقیدت مندوں کو ایک ایک کرکے اندر جانے کی اجازت دے رہے تھے۔ایک عقیدت مند نے بتایا کہ امسال ہم بہت ہی اچھی طرح یہ تہوار منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران کورونا کی وجہ سے ہم یہ تہوار اچھی طرح سے نہیں منا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے امن و آشتی اور کورونا وبا کے مکمل خاتمے کے لئے دعائیں کیں۔اس موقع پر سکھ برادری کے ایک بزرگ نے نامہ نگاروں کو بتایا: ‘آج پیار اور محبت کا دن ہے۔ ہم سب اوپر والے کے بندے ہیں۔ مذاہب بہت ہیں، راستے بھی بہت ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کی عزت کرنی چاہیے۔ سب کی منزل اللہ یا واہے گرو ہے’۔