عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ+راجوری //پوری دنیا کی طرح خطہ پیر پنچال میں بھی سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا یوم ولادت نہایت ہی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر گلی محلوں اور عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیاجبکہ خطہ کے دونوں اضلاس میں درجنوں مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی گئی ۔سرحد ضلع پونچھ کے صدر مقام پر سب سے بڑا جلوس محمدی مرکزی جامعہ مسجد سے برآمد ہوا۔اس سے قبل نماز جمع کے لئے ہزاروں لوگ وہاں پر جمع ہوئے جن کو خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے مساجد میں دین اسلام کی سر بلندی، مسلم امہ کے اتحاد، یکجہتی، ترقی و فلاح کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔بتا دیں کہ پہلی ربیع الاول سے ہی پونچھ کے صدر مقام پر سرور کائنات ﷺ کے یومِ ولادت کی خوشی میں اہم عمارتوں، مساجد اور گلی محلوں کو برقی قمقموں اور سبز پرچموں سے سجایا گیا۔اس سلسلے میں کئی مقامات پر رات سے ہی سیرت النبی ؐ کے پروگرام، نعتیہ محافل اور جلوسوں کا سلسلہ جاری رہا۔گزشتہ روز حکومتی اور مذہبی تنظیموں، میلاد کمیٹیوں اور لوگوں کی جانب سے جلسے جلوس، سیرت النبی ؐ کانفرنسز، سیمینار سمیت مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا جبکہ علما، آئمہ حضرات مساجد میں سیرت النبیؐ اور حیات طیبہ پر روشنی ڈالی۔مرکزی جامع مسجد پونچھ سے برامد ہو کر جلوس عید میلاد النبی پونچ کے صدر بازار سے گزرتے ہوئے ناکھاں والی سڑک سے ہوتا ہوا مرکزی عید گاہ پہنچ میں اختتام پذیر ہوا جہاں پر مفتی فاروق احمد مصباحی اور دیگر علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے قوم پر زور دیا کہ وہ نبی ؐکی سیرت اور تعلیمات پر عمل کریں اور معاشرے اور ملک میں امن قائم کریں۔انہوں نے اپنے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت انسانیت کے لئے رحمت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ؐ مظلوموں، مسکینوں، یتیموں، بیواؤں، غریبوں اور غلاموں کے لیے رہنما، سہارا اور پناہ گاہ تھے۔ پونچھ کی تحصیل منڈی میں بھی عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے جلوس محمدی بر آمد کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی ۔منڈی میں جماعت رضاے مصطفے مرکزی جامع مسجد منڈی اور جماعت رضاے مصطفے اعلی پیر منڈی کی جانب سے نماز جمعہ سے قبل جامعہ مساجد منڈی اور آعلی پیر میں سیرت رسول اکرم کے حوالے سے محافل کا اہتمام کیا گیا تھا جس دوران نعت خواں اور منقبت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت معاب میں اپنا نظرانہ عقیدت پیش کیا ۔اس موقعہ پر علماء کرام نے ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفے کے حوالے سے مدلل بیانات کئے ۔نماز کے بعد جلوس محمدی مرکزی جامعہ مسجد منڈی اور مرکزی جامعہ مسجد اعلی پیر منڈی سے برآمد کئے گئے جو کہ دونوں جلوس منڈی بائپاس پل پر اکھٹھہ ہو کر بس اڈہ منڈی پر اختتام پذیر ہوئے جلوس کے اختتام پر بس اڈہ منڈی میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔اسی طرح ضلع کے مینڈھر اور سرنکوٹ سب ڈویژنوں میں بھی تقریبات منعقد کی گئی تھی ۔راجوری ضلع میں درجنوں مقامات پر تقریبات منعقد کی گئیں ۔مینڈھر سب ڈویژن میں ایک تقریب مرکزی جامع مسجد مینڈھر میں منعقد کی گئی ۔امام و خطیب مولانا محمد سلطان نقشبندی کی قیادت میں منعقدہ تقریب میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ختمات شریف کیساتھ ساتھ علماء نے مذہبی تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔نماز جمعہ کے بعد مینڈھر قصبہ میں ایک وسیع جلوس نکالا گیا جس کے بعد مرکزی جامع مسجد میں خصوصی دعائیہ مجلس کا اہتمام کیاگیا ۔سب ڈویژن تھنہ منڈی کے متعدد علاقوں میں ماہ ربیع النور کے سلسلے میں اہم تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی میں مسجد کمیٹی کے زیر اہتمام میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں ایک روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ بھر سے علمائے کرام اور عاشقان رسول نے حضور پرنور صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کے تئیں اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ یہ پروگرام غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی کے امام و خطیب مولانا حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی کی صدارت میں ہوا۔ اس عظیم الشان اجلاس میں وادی کشمیر سے تشریف لائے ہوئے نامور عالم دین و صدر مفتی جماعت اہلسنت جموں و کشمیر مفتی محمد منظور رضا نعیمی نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف گوشوں پر ایمان افروز بیان کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام الٰہی سے ہوا۔ بعدہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت نچھاور کیے گئے۔ اس موقع پر معزز مہمان مفتی محمد منظور رضا نعیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حب رسول ایمان کی شرط ہے اس کے بغیر کوئی مومن ہو ہی نہیں سکتا ہے۔ لہٰذا محبت رسول کا تقاضا ہے کہ ہم نبی کریم کی تعلیمات پر عمل کریں۔ مولانا نعیمی نے کہا آج ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے اس کی اصل وجہ دین اسلام سے دوری اور آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا نہ ہونا ہے۔ لہٰذا اپنے کریم آقا کی سنت پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ کوٹرنکہ سب ڈویژن میں بھی عید میلاد النبی مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی۔اس دوران کنڈی پولیس سٹیشن سے ایک جلوس برآمد ہوا جو کہ قصبہ کے مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے جامع مسجد کوٹرنکہ کے سامنے اختتام پذیر ہوا ۔