جموں//چیف سیکر ٹری ارون کمار مہتا نے یہاں اُدھیوگ بھون میں ’’ سٹی بائیو ڈائیورسٹی اِنڈکس کی ترقی اور جموں شہر کے لئے مقامی بائیو ڈائیورسٹی سٹریٹیجی اور ایکشن پلان‘‘ پر شراکت داروں کے اِجلاس کی صدارت کی۔اِس تقریب کا اِنعقاد جموںوکشمیر بائیو ڈائیورسٹی کونسل نے آئی سی ایل اِی آئی ۔مقامی حکومتوںکے لئے پائیدار ی جنوبی ایشیا کے اشتراک سے کیا ۔ آئی سی ایل ای آئی ۔ لوکل گورنمٹس فار سسٹین ایبلٹی زائد اَز 2500 مقامی اور علاقائی حکومتوں کا ایک عالمی نیٹ ورک ہے جو پائیدار شہری ترقی کے لئے پُر عزم ہے اور زائد اَز125 ممالک میں سرگرم ہے۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے اِنڈکس اِنسٹی چیویشن کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اسے مختلف ماحولیاتی معیارات کی پیمائش کے لئے کام کرنا چاہیئے۔جے اینڈ کے بائیو ڈائیورسٹی کونسل دوسروں کے ساتھ مل کر جموں شہر کے لئے بائیوڈائیورسٹی اِنڈکس بنانے میں مدد کرے گی تاکہ شہر کی ’’ماحولیاتی صحت‘‘کی پیمائش کی جاسکے ۔ جموں اور بعد میں سری نگر شہر اِنڈکس کو اَپنانے والے دنیا کے پہلے شہروں میں سے ہوں گے۔ اسی مہینے کے آخیر میں سری نگر شہر میں بھی اس طرح کے پروگرام کا شیڈول دیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری نے یوٹی اِنتظامیہ کی جانب سے اِنڈکس کے تعارف کو سراہا اور کہا ’’ یہ پیمائش کا رکردگی کے لئے لازمی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ جب تک ہم ڈیٹا پوائنٹس کی پیمائش نہیں کرتے ہم کسی بھی پہلو میں بہتری کی طرف کام نہیں کرسکتے۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ اِنڈکس کو عوام کے لئے قابل فہم اور قابل قبول بنانے کی ضرورت ہے ، جو شراکت داروں کی اکثریت کو تشکیل دیتے ہیں۔ اُنہوں نے زندگی کو قدرت کا تحفہ قرار دیا اور کہا کہ صحت مند ماحولیاتی نظام والا شہرہی زندگی کی تمام اقسام کو برقرار رکھ سکتا ہے۔اُنہوں نے بائیو ڈائیورسٹی کونسل پر زور دیا کہ وہ دنیا بھر کے شہروں سے ملتے جلتے اشاریوں سے سیکھیں اور ان کو نافذ کریں۔ اُنہوں نے دیگر محکموں اور خودمختار اِداروں سے بھی کہا کہ وہ علاقے کے ماحولیاتی مسائل کے حل کے لئے فعال کردار ادا کریں۔ چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر کے نمایاں سیاحتی مقامات کے ہوا اور پانی کے معیار کے انڈیکس کی معمول کی پیمائش اور تشہیر کی ہدایت دی۔ انہوں نے لٹریچر کے ذریعے نباتات اور حیوانات کی مقامی اقسام کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔چیف سیکرٹری نے جنگلات سے متعلقہ معاملات کو فوری نمٹانے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے محکمہ جنگلات کو ہدایت دی کہ وہ ’آزادی کا امرت مہااُتسو‘ کے حصے کے طور پر پورے جموں و کشمیر میں فارسٹ ریسٹ ہائوسوں کی ترقی سمیت 75 ٹریک تیار کریں۔اُنہوںنے ہدایت دی کہ محکمہ یو ٹی کے تباہ شدہ جنگلات کی فوری بحالی کے لئے حکمت عملی اور ایکشن پلان پیش کرے۔ چیف سیکرٹری نے ویٹ لینڈ کی بائیو فینسنگ اور ایکو کلبوں کو قائم کرنے کیلئے بھی کہا۔ارون کمار مہتا نے یقین دِلایا کہ اِنتظامیہ جموں میں ریور فرنٹ پروجیکٹ کی ترقی میں پوری سرمایہ کاری کر رہی ہے اور اسے ایک سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری محکمہ جنگلات و ماحولیات سنجیو ورما نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ کی جانب سے آنے والے پانچ سے چھ سالوں میں 3.5 لاکھ ہیکٹر اراضی پر تباہ شدہ جنگلات کو بحال کیا جائے گا ۔پروگرام کوآرڈی آئی سی ایل ای آئی ساؤتھ ایشیا سے پروگرام کوآرڈی نیٹر مونالیسا سین نے تمام ڈی ایف اوز ، جے اینڈ کے بائیو ڈائیورسٹی کونسل کے ممبران ، این جی اوز اور طلباء کے لئے ایک روزہ ورکشاپ کا اِنعقاد کیا۔