محمد تسکین
بانہال// ہفتے کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت معمول کے مطابق جاری رہی تاہم ہفتے کو نہ جموں سے امرناتھ یاترا کو وادی وادی کشمیر کی طرف روانہ کیا گیا اور ناہی بالہ تل اور پہلگام سے یاترا کو جموں کی طرف جانے کی اجازت تھی اور اب یاترا کو متبادل روز ہی چلایا جائیگا۔ پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہفتے کے روز جموں سے امرناتھ یاترا کو کشمیر کی طرف جانے کی اجازت نہیں تھی اور اب فیصلہ لیا گیا کہ امرناتھ یاترا جموں سے ایک دن چھوڑ کر ایک دن ( متبادل دن ) ہی روانہ کی جائے گی۔ اس سلسلے میں اگرچہ کوئی تفصیل نہیں دی گئی ہے تاہم بظاہر یہ فیصلہ یاتریوں کی کم ہوتی تعداد کے پیش نظر لیا گیا ہے اور یکم اگست سے کشمیر کی طرف روزانہ انے والے یاتریوں کی تعداد نو سو اور پندرہ سو کے درمیان گھٹ کر رہ گئی ہے۔ ادھر ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ ہفتے کے روز معمول کے مسافر ٹریفک کو دوطرفہ طور چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال بردار ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو جموں سے وادی کشمیر کی طرف چلنے کی اجازت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کی شام تک شاہراہ پر معمول کا ٹریفک بغیر کسی خلل کے چل رہا تھا اور ہزاروں گاڑیوں نے منزلوں کا سفر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کے روز دونوں طرف سے یاترا کو چلنے کی اجازت نہیں تھی۔