ایم ایم پرویز
رام بن// سری نگر جموں قومی شاہراہ اتوار کو چھوٹی مسافر گاڑیوں کی دو طرفہ ٹریفک آمد رفت کیلئے کھلی رہی۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ رام بن کے ڈلواس اور میہاڑ کیفے ٹیریا موڑ پر سنگل لین کی وجہ سے سست رفتاری دیکھی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہراہ کے ناشری اور بانہال سیکٹر کے درمیان چند بھاری گاڑیوں کے خراب ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت بھی سست ہے۔رام بن میں ٹریفک حکام نے بتایا کہ شاہراہ کھلی رہی اور سینکڑوں ہلکی درمیانی مسافر گاڑیاں بغیر کسی رکاوٹ کے ہائی وے کے دونوں طرف چلتی رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جکھینی، اودھم پور سے چھوڑی جانے والی بھاری گاڑیاں اب بھی ناشری اور بانہال کے درمیان واحد لین والی سڑک پر سست رفتاری سے کشمیر کی طرف جا رہی ہیں۔ دریں اثنا، جموں و کشمیر کے محکمہ ٹریفک نے پیر کے لیے ایک تازہ ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سیاحوں کو لے جانے والی مناسب موسم والی گاڑیوں اور مسافر ہلکی درمیانی گاڑیوں کو دونوں طرف جانے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ امرناتھ یاترا گاڑیوں کے علاوہ وادی جانے والی ہلکی درمیانی گاڑیوں کو صبح 6 بجے سے دوپہر 12 بجے تک نگروٹا، جموں اور صبح 7 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جکھینی، اودھم پور سے چھوڑا جانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قاضی گنڈ کشمیر سے جموں جانے والی ہلکی گاڑیوں کے لیے کٹ آف کا وقت 11-30 سے دوپہر 2 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑک اور ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد پیر کو ہیوی گاڑیوں کو قاضی گنڈ، کشمیر سے جموں سری نگر قومی شاہراہ 44 پر جموں کی طرف جانے کی اجازت دی جائے گی۔