محمد تسکین
بانہال// آج یعنی منگل کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند رہے گی اور سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں سمیت کسی بھی قسم کے ٹریفک اور خانہ بدوش بکر والوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ شاہراہ پر ٹریفک کو بند رکھنے کے بارے میں متعلقہ حکام کی طرف سے کوئی جانکاری یا وجہ نہیں بتائی گئی ہے اور کوشش کے باوجود اس پر کسی بھی افسر نے کوئی تبصرہ نہیں کیا اور کئی ٹریفک افسروں نے فون بھی نہیں آٹھایا۔ٹریفک ہیڈکواٹر کی طرف سے جاری اس حکم کے اطلاق کیلئے نگروٹہ ، ادھم پور اور قاضی گنڈ سے پیر کی شام چھ بجے کے بعد سے وادی کشمیر کے علاوہ جموں اور چناب وادی کے علاقوں کی طرف آنے جانے والے ٹریفک کو روک دیا گیا ہے اور ٹریفک پولیس اور پولیس کے اہلکار اس پر عملدرآمد کروا رہے ہیں۔ٹریفک بند رکھنے کے بارے میں ٹریفک اور نیشنل ہائے وے حکام نے کوئی وجہ نہیں بتائی ہے۔ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن روہت بسکوترا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ منگل یعنی 21 مئی کو شاہراہ پر کسی بھی قسم کے ٹریفک کو جموں سرینگر قومی شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی شام چھ بجے کے مقررہ وقت کے بعد نگروٹہ اور قاضی گنڈ سے کسی بھی طرح کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اس سے پہلے چھوڑے گئے ٹریفک کو منزلوں کی طرف نکالا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی میڈیکل ایمرجنسی کے نوعیت کے معاملات کو نکالا جاتا ہے اور منگل کو بھی میڈیکل ایمرجنسی لیکر جانے والی گاڑیوں کوچھوڑا جائیگا۔ انہوں نے اس ڈرائی ڈے کی وجوہات کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں دی۔ ایس ایس پی نے لوگوں کو ٹریفک ہیڈکواٹر کی طرف سے منگل کیلئے جاری ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔