محمد تسکین
بانہال// بانہال ۔ رام بن سیکٹر میں بارشوں کے باوجود بدھ کی صبح سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری ہے اور سینکڑوں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق شاہراہ پر سفر کیا۔بدھ کے روز مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال بردار ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو جموں سے سرینگر کی طرف یکطرفہ ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی ۔ ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ شاہراہ پر واقع بلی نالہ ، دیول ، ڈھلواس ، ماروگ اور شیر بی بی کے درمیان شاہراہ کئی مقامات پر خراب اور یکطرفہ ہے اور ان مقامات پر ٹریفک کی روانی سست رو ہو جاتی ہے تاہم بارشوں کی وجہ سے شاہراہ کا ٹریفک کسی خلل کے بغیر جاری رہا ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ دو مال بردار گاڑیوں کے بیچ سڑک میں خراب ہونے اور خانہ بدوش بکروال کنبوں کی نقل وحرکت سے بھی ٹریفک کی روانی متعدد مقامات پر سست رو ہو جاتی ہے اور بعد میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی کی طرف سے ٹریفک کو معمول پر لایا گیا۔