محمد تسکین
بانہال //بارشوں اور برفباری کی وجہ سے ایک درجن سے زائد مقامات پر جموں سرینگر قومی مجموعی طور پر ٹریفک کی آمدورفت کیلئے تیسرے روز بھی بند رہی تاہم دوپہر بعد فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنیوں کی مشینری کی مدد سے یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنا کر جزوی طور بحال کیا گیا ہے۔ ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان درماندہ ٹریفک کو آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس دوران دوپہر بعد سے شاہراہ کی جزوی بحالی کے بعد سے گزشتہ روز شام تک شاہراہ کے کئی مقامات پر رک رک کر پتھر گر رہے تھے اور سڑک کو بحال کرکے درماندہ ٹریفک کو نکالنے کا عمل شام تک جاری تھا۔ شیر بی بی کے مقام کشتواڑی پتھر کے پاس ایک پسی گر ائی ہے اور شام چھ بجے تک وہاں ٹریفک بند ہی تھا۔شاہراہ کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر رام بن نے بھہ شاہراہ کے متعلقہ افسروں کے ہمراہ رام بن سے بانہال کا درہ کیا۔جموں سرینگر شاہراہ پیر کی صبح سے ناشری اور بانہال کے درمیان ڈھلواس ، مہاڑ ، کیلا موڑ ، بیٹری چشمہ ، شیر بی بی ، شالگڑی اور طبیلہ سمیت ایک درجن سے زائد مقامات پر گر آئی پسیوں اور پتھروں کی وجہ سے بند ہوگئی تھی اور رام بن وبانہال کے سیکٹر کے علاوہ ادھم پور اور قاضی گنڈ میں بھی سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئی تھیں۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ کل سے ہی شاہراہ کی بحالی کا کام شروع کیا گیا تھا اور بدھ کی دوپہر تک شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنایا گیا ہے اور ناشری ، چندرکوٹ ، کرول ، رامبن اور بانہال کے درمیان پھنسے ٹریفک کو ایک ایک کرکے نکالا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چوہدری نے رام بن سے نویگہ ٹنل بانہال تک جموں سرینگر قومی شاہراہ کا دورہ کیا اور شاہراہ سمیت برفباری سے پیدا ہوئی صورتحال کے حوالے سے بانہال میں افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ ان کے ہمراہ ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے روہت بسکوترا اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل ہائے وے پرشوتم کمار پھونسا اور دیگر افسران بھی تھے۔ اپنے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چوہدری نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ کہ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میںقومی شاہر اہ جگہ جگہ پر پتھروں اور پسیوں کی زد میں آنے سے ناقابل استعمال ہوگئی ہے اور متاثرہ مقامات پر شاہراہ کی بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے اور شاہراہ کی مکمل اور معمول کی بحالی میں مزید چند ایک روز لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بْدھ کی صبح سے برفباری اور بارشوں میں آئے ٹھیرائو کے بعد شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنا کر بحال کیا گیا ہے اور رام بن اور بانہال میں درماندہ گاڑیوں کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف نکالا جا رہا ہے۔